تحریک انصاف کا لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار

13 جولائ 2014
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان۔۔۔ فائل فوٹو
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان۔۔۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس 15 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور مرکزی نائب صدر اسد عمر نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ آئی ڈی پیز کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ پہلے ہی حکومت سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ بین الاقوامی اداروں کو بنوں میں آئی ڈی پیز کی امداد اور بحالی کے لیے اجازت دی جائے۔

شمالی وزیر ستان میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرکے آنے والے 8لاکھ سے زائد افراد کے باعث صوبائی حکومت مشکلات کا شکار ہو رہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید بتایا کہ پارٹی کی قیادت 14اگست کے مارچ کے حوالے سے منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مستقل یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت کو 2013 میں عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کرنی چاہیے اور اس بات کی بھی تحقیقات کی جانے چاہیے کہ انگوٹھے پر استعمال کی جانے والی مخصوص سیاہی کیوں استعمال نہیں کی گئی، ہمارے مطالبات میں یہ بھی شامل ہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے لیے اصلاحات کی جائیں۔

اسد عمر نے ڈان ڈاٹ کام کو مزید بتایا کہ حکومت اب تک تحریک انصاف کے مطالبات کو پورا نہیں کر سکی ہے اب یہ پی ٹی آئی کا آئین اور قانونی حق ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف پر امن احتجاج کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ کی تاریخ کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں کرے گی، پارٹی قیادت گزشتہ سال سے اس 14 اگست کا انتظار کر رہی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اسلام آباد کی جانب نکالے جانے والے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کریں، 14اگست کو پورے ملک میں یوم آزادی منایا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

راضیہ سید Jul 14, 2014 10:28am
تحریک انصاف والواب آپ کو کون سا انصاف چاہیے ، کبھی آپ انتخابات میں دھاندلی کی بات کرتے ہیں ، کبھی روایتی دھرنوں کی کبھی آئی ڈی پیز کو ایشو بناتے ہیں ، آخر اب آپ کیا چاہتے ہیں َ ؟ کیا آپ لوگوں کو ملک میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی نظر نہیں آتی یقیینا آ بھی کیسے سکتی ہے کہ بنی گالہ میں موسم ہمیشہ خوشگوار ہی رہتا ہے جناب عمران صاحب گستاخی معاف تو یہ عرض کروں کہ آپ لوڈشیڈنگ وہ بھی رمضان جیسے مقدس مہینے میں جیسا کہ ہو رہی ہے بچے بلبلا رہے ہیں ، خواتین ، بوڑھے سبھی بے حال ہیں اس پر دھرنا کیوں نہیں کرتے ْ جناب میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ آج تک میں نے آپ کے کسی جلسہ میں شرکت نہیں کی لیکن اگر آپ عوامی مسائل لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی ، پانی کی کمی ، اور بے روگاری کا مسئلہ لے کر دھرنا کریں گے ناں تو میں راضیہ سید خود آپکی جماعت کے نعرے لگائوں گی ، اور دھرنے میں شریک ہوں گی وہ بھی صف اول میں لیکن خدارا نان ایشوز پر دھرنے ، سیاست آپ کو سوٹ نہیں کرتی ۔۔۔۔