لاہور لائنز کی چیمپیئنز لیگ میں شرکت کی تصدیق
پاکستان ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن لاہور لائنز کو ہندوستان میں ستمبر میں ہونے والی چیمپیئنز لیگ میں شرکت کے لیے بھیجے گا۔
سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کی زیر قیادت لاہور لائنز نے فروری میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں مصباح الحق کی فیصل آباد وولفز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
چیمپیئنزلیگ میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ سری لنکا اور ویست انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ترجمان نے بدھ کو اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں اپنی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بھیجنے کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے لہٰذا ستمبر میں ہونے والے ایونٹ میں لاہور لائنز شرکت کرے گی۔
رواں ماہ کے آغاز میں انڈین کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے ایونٹ اپنی سرزمین پر کرانے کا اعلان کیا تھا جہاں اس سے قبل لیگ کا متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلے جانے کا امکان تھا۔
ٹورنامنٹ کا سات ستمبر میں سے آغاز متوقع ہے تاہم ابھی تک حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔ لاہور لائنز میں محمد حفیظ سمیت احمد شہزاد، ناصر جمشید، عمر اکمل اور وہاب جیسے قومی ٹیم کے اسٹارز شامل ہیں۔
ء2009 میں شروع ہونے والی لیگ کے ابتدائی تین ایڈیشنز میں کسی پاکستانی ٹیم نے شرکت نہیں کی تھی۔
تاہم شعیب ملک کی سیالکوٹ اسٹالینز نے اس جمود کو توڑا اور 2012 میں پہلی مرتبہ کسی پاکستانی ٹیم نے چیمپیئنز لیگ میں شرکت کا اعزاز حاصل کیا لیکن وہ جنوبی افریقہ میں منعقدہ ایونٹ کے مین راؤنڈ تک رسائی میں ناکام رہی۔
کچھ ایسا ہی معاملہ اگلے سال مصباح الحق کی زیر قیادت کھیلنے والے فیصل آباد وولفز کا ہوا جب وہ ہندوستان میں ہونے والے ایونٹ کے اصل راؤنڈ تک رسائی میں ناکام رہی۔