سیٹھی عارف عباسی کو پی سی بی سربراہ بنوانے کیلئے سرگرم
لاہور: ایک طرف جہاں وزیر اعظم نواز شریف سپریم کورٹ کے احکامات پر سات دنوں کے اندر اندر پی سی بی کے ایڈ ہاک چیئرمین کی تقرری اور اس عہدے کے لیے الیکشن کرانے میں ناکام رہے ہیں تو دوسری جانب سابق چیئر مین نجم سیٹھی اور ان کے ساتھیوں نے عارف علی خان عباسی کو بورڈ کا نیا سربراہ بنوانے کے لیے لابنگ شروع کر دی۔
اکیس جولائی کو سپریم کورٹ کے ڈبل بینچ نے پی سی بی کے مختلف مقدمے نمٹاتے ہوئے بورڈ کے پیٹرن اور وزیر اعظم کو ہدایت کی تھی کہ وہ سات دن کے اند ر اندر ایک ایڈ ہاک چیئرمین اورایک الیکشن کمشنرتعینات کرتے ہوئے تیس دنوں میں نئے الیکشن منعقد کرائیں۔
تاہم اس حوالے سے اب تک وزیر اعظم ہاؤس سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔
دوسری جانب، ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ سیٹھی نے اپنا وزن سابق پی سی بی سربراہ عارف عباسی کے پلڑے میں ڈالتے ہوئے ان سے کراچی میں ملاقات کے دوران اپنی حمایت کی پیشکش کر دی۔
سیٹھی چونکہ وزیر اعظم کے نذدیک سمجھے جاتے ہیں لہذا ان کی حمایت بعد معنی رکھتی ہے۔
ان ذرائع نے بتایا کہ سیٹھی ایک ایسی شخصیت کو پی سی بی سربراہ کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں جو ان کی پالیسیوں اورماضی میں کئے گئے فیصلوں کی تائید کر سکے۔
ذرائع کے مطابق غالب امکان ہے کہ عباسی نئے چیئرمین منتخب ہونے کی خاطر سیٹھی کی تمام شرائط و ضوابط تسلیم کر لیں گے۔
خیال رہے کہ سیٹھی اکیس جولائی کو پی سی بی چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کے بعد اگلے تین سالوں تک طاقتور گورننگ بورڈ کے ایک رکن کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق چیئرمین ذکاء اشرف عباسی کی تقرری پر کوئی اعتراض نہیں کریں گے کیونکہ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بطور پی سی بی چیئرمین اپنی بحالی کے بعد عباسی کو کرکٹ مشیر کے طور پر تقرر کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےتھا کہ موجودہ چیف سلیکٹر اور مینیجر معین خان اور ہیڈ کوچ وقار یونس بھی عباسی کی گڈ بکس میں ہیں اور اگر عباسی نئے چیئرمین منتخب ہوتے ہیں تو ٹیم انتظامیہ میں کسی تبدیلی کے امکان نظر نہیں آتے۔