'سری لنکا میں ہارے تو آفریدی کپتان بنیں گے'

شائع August 11, 2014
۔ — فائل فوٹو
۔ — فائل فوٹو

کراچی:سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست پر پاکستان کے سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سابق کرکٹرز نے گال میں ناکام بیٹنگ کو سات وکٹوں سے شکست کی وجہ قرار دیا ۔

اتوار کو پاکستانی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر فلاپ ہو گئی اور یقینی طور پر ڈرا سمجھے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم سے ہار گئی۔

سری لنکا نے خراب روشنی اور وقفے وقفے سے بارش کے باوجود 99رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک- صفر سے لیڈ لے ہی۔

سابق کپتان راشد لطیف نے اے ایف پی کو بتایا پہلی اننگز میں 451 رنز بنانے اور یقینی ڈرا میچ میں ناکامی پر انہیں مایوسی ہوئی۔

یونس خان نے پہلی اننگز میں شاندار 177 رنز بنائے لیکن سری لنکن سپنر رنگنا ہیراتھ نے میچ کے آخری دن پچ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن تباہ کر دی۔

اس کے برعکس سری لنکا نے پاکستانی سپنرز سعید اجمل اور عبدالرحمان کے خلاف شاندار کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں نو وکٹوں پر533 رنز بنا ڈالے۔

اس اننگز کی خاص بات کمار سنگاکارا کی عمدہ ڈبل سنچری تھی۔

راشد لطیف کے مطابق، رحمان اور اجمل دونوں ہی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکے۔

'کمزور پاکستانی بیٹنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے رحمان اور اجمل کو اچھی باؤلنگ کرنی چاہیئے تھی لیکن ایسا نہ ہوا اور یہی ہماری شکست کی وجہ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ گال میں ہار مصباح الحق کی کپتانی کے لیئے اچھی ثابت نہیں ہو گی۔

'سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں ناکامی کی صورت میں، میں شاہد آفریدی کو2015 ورلڈ کپ کے کپتان کے طور پر دیکھ رہا ہوں'۔

انہوں نے قومی ٹیم کے لیے بہت سے کوچ مقرر کرنے کی پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

راشد نے بالخصوص سپن کوچ مشتاق احمد کا ذکر کرتے ہوئے کہا'آپ چاہے کتنے ہی کوچ کیوں نہ لے آئیں، حالات بہتر نہیں ہوں گے۔تما م کوچ ملازمت کے خواہش مند ہوتے ہیں'۔

ایک اور سابق کپتان محمد یوسف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سست بیٹنگ کی وجہ سے سری لنکن سپنرز کو حملے کرنے کا موقع ملا۔

'میں بیٹنگ لائن کے اس طرح ڈھیر ہونے کی امید نہیں کر رہا تھا لیکن اس کی وجہ کپتان کی دفاعی حکمت عملی ہے اور اسی وجہ سے ٹیم ناکام ہوئی'۔

خیال رہے کہ دوسری اننگز میں پاکستان کی مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی نے 151 گیندوں پر 41 رنز بنائے جبکہ احمد شہزاد کو سولہ رنز بنانے کے لیے 74 گیندوں کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025