یونس سری لنکا سیریز سے باہر
کراچی: سینئر بلے باز یونس خان اپنے دس سالہ قریبی عزیز کے انتقال کے بعد سری لنکا میں جاری ون ڈے سیریز میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان نے پیر کو بتایا کہ 'یونس آج وطن لوٹ رہے ہیں کیونکہ ان کے قریبی عزیز سعد خان انڈیا میں جگر کے ٹرانسپلانٹ کے دوران انتقال کر گئے'۔
سعد کی لاش آخری رسومات کے لئے پیر کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ان کے آبائی گھر لائی جائے گی۔
سری لنکا کے خلاف جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان پہلے ہی سعید اجمل کی خدمات سے محروم ہے۔
اجمل ان دنوں آسٹریلیا میں ایک بائیو مکینک لیب میں اپنے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔
پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ یونس خان کا متبادل نہیں بھیجا جائے گا کیونکہ پہلے ہی زخمی پیسر جنید خان کی جگہ دراز قد محمد عرفان سری لنکا میں موجود ہیں۔
دونوں ٹیمیں منگل کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی ،جس کے بعد تیسرا میچ تیس اگست کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ یونس خان گزشتہ سال مارچ کے بعد پہلی مرتبہ ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنے تھے۔
چھتیس سالہ یونس نے ہفتہ کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے پہلے میچ میں صرف تین رن سکور کئے تھے۔
انہوں نے اب تک 254 ون ڈے میچوں میں 7017 رنز بنا رکھے ہیں۔