ثقلین سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن درست کریں گے
کراچی: پاکستان کے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق حال ہی میں پابندی کا شکار ہو نے والے سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن درست کرنے میں مدد دیں گے۔
سینتیس سالہ ثقلین مشتاق نے 'دوسرا' گیند متعارف کرائی تھی جو روایتی آف سپن ہونے کے بجائے دوسری جانب گھومتی ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ بعض سپنر 'دوسرا' پھینکتےوقت مقررہ حد یعنی 15 ڈگری سے زیادہ اپنے بازو کو خم دیتے ہیں۔ تاہم ثقلین پر کبھی بھی چکنگ کا الزام نہیں لگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ وہ ثقلین سے رابطے میں ہیں اور ان سے معاہدے کے حوالے سے مذکراتی عمل جاری ہے۔
اپنے شاندار کیرئیر میں 208 ٹیسٹ اور 288 ون ڈے وکٹیں حاصل کرنے والے ثقلین نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
لندن میں اے ایف پی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا' میں مدد کے لئے تیار ہوں اور اس وقت حکام سے پاکستان آنے کے حوالے سے مذاکرات کر رہا ہوں'۔
آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد بورڈ نے معاملہ اپنی ایک کمیٹی کو بھجوا دیا ہے اور اسی کمیٹی نے تجویز دی کہ ثقلین سے مدد حاصل کی جائے۔
اجمل پر پابندی کی وجہ سے پاکستان کو اگلے مہینے یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف 'ہوم سیریز' اور مارچ میں ورلڈ کپ میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب، پی سی بی نے سعید اجمل کو میڈیا سے گفتگو سے روک دیا ہے۔