وزن میں کمی کا خراب پرفارمنس سے تعلق نہیں، مصباح
شارجہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے کہ اپنا وزن کم کرنے سے ان کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔
چالیس سالہ مصباح نے رواں سال جون میں دس کلو گرام (بائیس پونڈ) وزن کم کیا ہے تاہم اس کے بعد سے انہیں کریز پر جم کر کھیلنے اور رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم کو اپنا اعتماد بحال کرنے کے لیے صرف ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے اور ان کے وزن کم کرنے کا تعلق ان کی پرفارمنس سے نہیں ہے۔
مصبا ح الحق اگست میں سری لنکا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں صرف 67 رنز بنا پائے، اسی طرح سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچ میں بھی انہوں نے صرف 67 رنز بنائے۔
منگل کو شارجہ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں بھی کپتان مصباح الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے گئے۔
یاد رہے کہ سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق نے بھی 2003میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل دس کلو وزن کم کیا تھا اور نتیجتاً اپنی فارم کھو کر وہ چھ میچوں میں صرف 19 رن بنا پائے تھے۔
تاہم مصباح الحق اس تاثر کو رد کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ 'میرا نہیں خیال کہ یہ وزن کی وجہ سے ہوا ہے'۔
'میں نے ڈومیسٹک میچوں میں رنز بنائے اور یو اے ای میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران بھی میں نے رنز بنائے، لہذا میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اوہ ، چونکہ میں نے اپنا وزن کم کیا ہے، اسی لیے میں رنز نہیں بنا پا رہا'۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 'اب مجھ میں زیادہ مضبوطی اور برداشت آگئی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'کبھی کبھار آپ خود پر اعتماد کھو دیتے ہیں اور اس وقت پاکستانی ٹیم کے ساتھ یہی ہو رہا ہے'۔
'ہمیں صرف ایک یا دو ایسی اننگز کی ضرورت ہے جو ہمیں ٹریک پر واپس لے آئے اور فی الوقت کوئی بھی ایسی ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کر رہا'۔
یاد رہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن گزشتہ روز اُس وقت مکمل طور پر ناکام دکھائی دی جب آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں 256رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم چھتیس اعشاریہ تین اوورز میں صرف 162 رنز بنا کر آؤت ہو گئی تھی۔
مصباح الحق نے بحیثیت کپتان اپنی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ 'جب آپ اپنے ملک کے لیے بحیثیت ایک بلے باز اور ایک کپتان کی حیثیت سے کھیل رہے ہوں ، تو آپ کو اپنی پرفارمنس کے ذریعے اپنی ٹیم کی قیادت کرنی چاہیے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں کوشش کر رہا ہوں لیکن بعض اوقات قسمت ساتھ نہیں دیتی اور فی الوقت ایسا ہی ہو رہا ہے لیکن میں مثبت سوچنا چاہتا ہوں'۔
مصباح الحق کے مطابق وہ پراعتماد ہیں کیونکہ وہ اپنے کیریئر کے دوران کئی نشیب و فراز دیکھ چکے ہیں۔ 'اگر آپ سخت محنت جاری رکھیں اور اپنی توجہ مرکوز رکھیں تو ایک اننگز بھی پانسہ پلٹ سکتی ہے'۔












لائیو ٹی وی