• KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C

جیت کر اعتماد بحال کرنیکی کوشش کریں گے، مصباح

شائع October 9, 2014 اپ ڈیٹ October 10, 2014

دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ایک روزہ میچ جیت کر اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرے گی۔

یاد رہے کہ شارجہ میں ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں اعتماد سے عاری قومی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 93 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ کی سنچری کی بدولت اسکور بورڈ پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے جس کے بعد مچل جانسن اور ناتھ لایون نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کی بساط 162 رنز پر لپیٹ دی۔

مصباح نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ بلے بازوں کو محض ایک اچھی اننگ کی ضرورت ہے، اس وقت ہماری ٹیم میں اعتماد کا فقدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کو مکمل اعتماد نہیں ہوتا تو سیدھی گیند کھیلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے، یہ تمام کھلاڑی اس سے قبل اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں لیکن اس وقت انہیں اپنے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک اچھی اننگ کی ضرورت ہے۔

مصباح نے کہا کہ اس سیریز کو بچانے کے لیے ہمیں اگلا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جیت ہمیشہ ہی اہم ہوتی ہے اور جب ورلڈ کپ قریب ہو تو اس کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے۔

یاد رہے کہ آئندہ سال فروی مارچ میں کرکٹ ورلڈ کپ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں منعقد ہو گا۔

کپتان کا کہنا تھا کہ ایک جیت تمام چیزوں کو درست سمت میں گامزن کر دیتی ہے لیکن ساتھ ساتھ اس بات کی بھی اشد ضرورت ہے کہ آپ سخت محنت اور امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

یاد رہے کہ ناقص فارم کے باعث مصباح ان دنوں شدید دباؤ میں ہیں اور کرکٹ حلقے ان پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔

اگست میں ہونے والے دوسری سری لنکا کے موقع وہ دو ٹیسٹ میچز کی چار اننگز میں صرف 67 بنانے میں کامیاب رہے تھے جبکہ تین ایک روزہ میچوں میں بھی وہ 67 کا مجموعہ پار کرنے میـں ناکام رہے۔

مصباح کی ناکامیوں کا سلسلہ اسدورے پر جاری ہے جہاں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں وہ پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

دوسری جانب پاکستان کے لیے خوش آئند خبر یہ کہ اسپنر رضا حسن کندھے کی انجری سے صحتیاب ہو چکے ہیں اور انہیں آل راؤنڈر انور علی کی جگہ کھلائے جانے کا امکان ہے۔

میچ کے لیے آسٹریلین ٹیم میں بھی ایک تبدیلی متوقع ہے جہاں کسی فاسٹ باؤلر کی جگہ اسپنر زیویئر ڈوہرٹی کو میدان میں اتارے جانے کے امکانات ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا اگلا میچ اتوار کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025