انگلش ونگلش

اپ ڈیٹ 11 جنوری 2015
ڈنر پر جانے کا فائدہ ہی کیا اگر میں ویٹر کے Fajita یا Lasagna کی ادائیگی پر نہ ہنسوں؟ — خاکہ سجاد حیدر
ڈنر پر جانے کا فائدہ ہی کیا اگر میں ویٹر کے Fajita یا Lasagna کی ادائیگی پر نہ ہنسوں؟ — خاکہ سجاد حیدر

پاکستان میں لوگ ہمیشہ ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ طرح طرح کے گروپس، طرح طرح کی آراء، اور طرح طرح کے پس منظر۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ ایسے ماحول میں بھی ہمارے پاس ایک ایسا ٹھوس معیار ہے جس سے ہم اچھے اور برے کی پہچان کرسکتے ہیں۔ اور یہ معیار ہے 'انگلش'۔

انگلش بولنا بلاشبہ کسی بھی شخص کو پرکھنے کا اعلیٰ ترین معیار ہے۔ کیا کسی نے فیس بک پر انتہائی منطقی نکتہ اٹھایا ہے لیکن their کی جگہ there لکھ دیا ہے؟ آپ جیت گئے۔ ان کا منطقی نکتہ اب کوئی اہمیت نہیں رکھتا اور آپ نے ان کی غلطی نکال کر جیت اپنے نام کر لی ہے۔

اگر آپ there، their، اور they're کا استعمال ان سے کہیں زیادہ بہتر طور پر کرسکتے ہیں، تو یہ کہنا منطقی طور پر درست ہوگا کہ آپ نہ صرف ان سے زیادہ علم رکھتے ہیں، بلکہ ان سے کہیں زیادہ اعلیٰ انسان بھی ہیں۔

کسی بھی دلیل کو مکمل طور پر غلط ثابت کرنے کے لیے صرف ایک اسپیلنگ کی غلطی نکالنا کافی ہے۔

ڈنر پر جانے کا فائدہ ہی کیا اگر میں ویٹر کے Fajita یا Lasagna کی ادائیگی پر نہ ہنسوں؟ اگر میں اچھے موڈ میں ہوں گا تو ان سے کہوں گا کہ وہ ‘hors d'oeuvres’ کہہ کر دکھائیں۔ اس کے بعد میں انہیں یہ لفظ دہرانے کی کوشش کرتے دیکھ کر ہنستا رہوں گا۔

اگر آپ نے غلطی سے کچھ اور آرڈر کر دیا ہے اور اپنی غلطی تسلیم نہیں کرنا چاہتے، تو اس پر انگلش میں چلانا شروع کردیں۔ وہ کیا کرے گا؟ ظاہر ہے آپ کو انگلش میں جواب دینے سے تو رہا۔

یہ طریقہ ہمیشہ کار آمد رہتا ہے۔ میں نے اسے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر بھی آزمایا ہے۔ آپ کو کیا لگا تھا میں ساری زندگی ٹریفک چالان سے کس طرح بچتا رہا ہوں۔

میں برطانیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے ہمیں تحفے میں یہ زبان دی۔ اس نے 'ہم' میں اور 'ان' میں فرق کو واضح کردیا ہے۔ مجھے اب قوم اور زبان کے بارے میں سوچنا نہیں پڑتا۔ میں صرف اس سے دوستی کرتا ہوں جو فرینڈشپ کی درست اسپیلنگ جانتے ہیں۔

کوئی شخص فرینڈشپ کی اسپیلنگ غلط لکھے، میرے لیے اس سے زیادہ پرلطف کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ بھلے ہی میرا دن بہت برا گزر رہا ہو، 'frandshapper' کی جانب سے ایک بھی میسج میرا موڈ بالکل تبدیل کردے گا۔ کبھی کبھی میں اس کا اسکرین شاٹ لے کر اپنے دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کر دیتا ہوں۔ جب ہم سب اس شخص کی اسپیلنگ غلطی پر مل کر ہنستے ہیں تو ہمیں اپنا آپ بہت اچھا لگتا ہے۔

انگریزوں نے ہم پر سو سال سے زیادہ حکومت کی۔ وہ ہمارا وقار، ہماری زندگی، ہمارا فخر، سب چھین کر لے گئے، یہاں تک کہ ہمارے مصالحے بھی۔ لیکن ہم ایک مزاحمتی قوم ہیں، ہم نے بھی ان سے کچھ لے لیا۔ ان کی زبان۔

یہ سچ ہے، ہم نے جس دن ان کی زبان سیکھ لی، بس اسی دن ان کو شکست ہوگئی تھی۔

انگریزو! تمہاری زبان اب ہماری ہے۔ ہم تمہارے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں گھس سکتے ہیں، اور سمجھنے کی کوششیں کر رہے دوسرے غیر ملکیوں پر ہنس سکتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے ہم تم لوگوں کا ہی حصہ ہیں۔ آپ لوگوں نے نہ صرف ہمیں سائنس، میڈیسن، آرٹ، اور بزنس سکھایا، بلکہ کلچر بھی سکھایا۔ ہم آپ کے گانے سنتے ہیں اور آپ کے ٹی وی شوز دیکھ کر ہنستے ہیں۔ ہمیں اب اپنے بورنگ مقامی ادب اور کلچر کی ضرورت نہیں۔ ہم آپ سے لے لیں گے۔

میں صرف اتنا کہہ رہا ہوں کہ سائمن! واپس آجاؤ۔

انگلش میں پڑھیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khurram Awan Jan 12, 2015 03:55am
حضرت غیاث آپکی تحریر نے مجھے انگریزی کے بجاے اردو میں کمینٹ کرنے پر مجبور کر دیا :D بہت عمدہ تحریر ہے جناب ، یونہی لکھتے رہیے اور نقاب اتارتے رہیے