شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، چار افراد ہلاک

19 جنوری 2015
ڈرون طیارہ۔ فائل فوٹو اے پی
ڈرون طیارہ۔ فائل فوٹو اے پی

پشاور: شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں ڈرون حملہ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے شاہی خیل کے علاقے میں ایک کمپاونڈ پر میزائل داغے جس کے نتیجےمیں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ڈرون حملے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہاہے جبکہ ابتدائی طور پر ہلاک افراد کی شناخت کے حوالے سے نہیں بتایا جا سکا۔

ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں جاسوس طیاروں کی پروازیں بدستور جاری ہے۔

یہ رواں سال کیا جانے والا تیسرا ڈرون حملہ ہے جہاں اس سے قبل شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں 8مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔

اس کے علاوہ 15 جنوری کو شوال میں کیے گئے حملے میں سات مبینہ شدت پسند مارے گئے تھے۔

یاد رہے کہ پشاور میں 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان کا دورہ کیا تھا جس میں افغان حکام کے ساتھ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف نے اپنے دورہ افغانستان میں افغان قیادت کے ساتھ ساتھ اتحادی افواج کو بھی افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں خصوصاً صوبہ کنڑ میں ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا

پاکستان کی جانب سے ڈرون حملوں کو ہمیشہ خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے اور امریکا سے یہ حملے بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو 2004 سےقبائلی علاقوں میں شدت پسند اسلامی گروپوں کی مزاحمت کا سامنا ہے۔

وفاق کے زیرِ انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اوراورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔

حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے رواں برس 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔

جبکہ خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں بھی ’آپریشن خیبر ون‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں

تبصرے (0) بند ہیں