'ہندوستان کشمیر کی آبادی میں تبدیلی کررہا ہے'
اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستان کی حکومت جموں و کشمیر کے نقشے میں تبدیلی لارہی ہے اور کشمیر کی آبادی میں تبدیلی کرکے مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیکرٹری خارجہ نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انڈیا کے مظالم کے حوالے بریفنگ دی۔
سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں کشمیری مسلمان ہندوستانی ظلم اور جبر کا شکار ہیں، جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور نام نہاد انتخابات استصواب رائے کا متبادل نہیں ہیں۔
سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا خواب ناممکن ہے۔
انھوں نے بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیرکا مقصد کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرنا ہے اور وہ کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔












لائیو ٹی وی