خاتون سائنسدان ڈاکٹر امینہ، ماریشس کی صدر

06 جون 2015
ڈاکٹر امینہ گوریب فاکم۔ —. فائل فوٹو
ڈاکٹر امینہ گوریب فاکم۔ —. فائل فوٹو

پورٹ لوئس: معروف سائنسدان ڈاکٹر امینہ گوریب فاکم نے ماریشس کی صدر کا حلف اُٹھالیا۔ امینہ بحرِہند کے اس جزیرے کی پہلی خاتون سربراہ ہیں۔

امینہ گوریب فاکم نے اپنی حلف برداری کی تقریب کے بعد کہا ’’میرا عزم ہے کہ میں ماریشین قوم کو ایک پرچم تلے اکھٹا کروں۔‘‘

یہ تقریب دارالحکومت پورٹ لوئس کے باہر ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس تقرری کو اپنے والدین کے نام کرتی ہیں۔ ’’جنہوں نے اس وقت اپنی بیٹی کو تعلیم سے آراستہ کرنے کا عزم کیا تھا، جب کہ لڑکوں کو ترجیح دی جاتی تھی۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ’’ان کا دل فخر اور عاجزی دونوں سے لبریز ہے۔‘‘

56 برس کی امینہ اس جزیرے کی پہلی خاتون صدر ہیں۔ ماریشس نے برطانیہ سے 1968ء میں آزادی حاصل کی تھی، اور 1992ء میں برطانوی ملکہ ایلزبتھ دوم کی ریاستی سربراہ کی حیثیت ختم کردی تھی۔

ماریشس افریقہ کے دولت مند اور کم بدعنوان ملکوں میں سے ایک ہے۔13 لاکھ کی آبادی کے ساتھ ایک متوسط آمدنی کی حامل قوم کا فی کس جی ڈی پی 9 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے۔

2011ء کی مردم شماری کے مطابق ماریشس میں ہندووں اکثریت میں ہیں، ان کی تعداد مجموعی آبادی میں 48.5 فیصد ہے، اس کے بعد مسیحیوں کی تعداد 32.7 فیصد، مسلمان 17.3 فیصد اور بدھ مت کے لوگوں کی تعداد 0.4 فیصد تک ہے۔

ڈاکٹر امینہ گوریب ماریشس کی پہلی خاتون صدر کا حلف اُٹھارہی ہیں۔ —. فوٹو اے ایف پی
ڈاکٹر امینہ گوریب ماریشس کی پہلی خاتون صدر کا حلف اُٹھارہی ہیں۔ —. فوٹو اے ایف پی

ماریشس کے جزیرے کا کل رقبہ 2040 مربع کلومیٹر ہے۔ یہاں انگریزی، فرانسیسی، ماریشین کرولے اور بھوجپوری زبانیں بولی جاتی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ صاف فضا کے معیار کی فہرست میں ماریشس کا دوسرا درجہ ہے۔

ماریشس کی حکومت اپنے شہریوں کو ابتدائی پرائمری سطح سے ثانوی درجے تک مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔ یہاں شرح خواندگی تقریباً 89.8 فیصد ہے، جس میں مردوں کی شرح خواندگی 92.3 فیصد اور خواتین کی 87.3 فیصد ہے۔

جنوری 2012ء میں ماریشس نے دنیا کے معروف جزیرے کا ایوار ڈ تیسری مرتبہ اور دنیا کے بہترین ساحل پر عالمی سیاحتی ایوارز وصول کیے ہیں۔

2005ء سے ماریشس میں طالبعلم، معذور افراد اور ضعیف شہریوں کو بس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

ماریشس کی نئی صدر کا پورا نام بی بی امینہ گوریب فاکم ہے، وہ 17 اکتوبر 1959ء کو پیدا ہوئیں۔ وہ ماریشس کی بایو ڈائیورسٹی سائنسدان ہیں۔

وہ اس وقت سی آئی ڈی ی ریسرچ اینڈ انوویشن کی منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، جہاں انہوں نے ماریشس کے پودوں کے طبّی اور غذائی اثرات پر تحقیق میں اپنا وقت صرف کیا۔

ڈاکٹر امینہ نے سائنسدان خواتین کے لیے یونیسکو کے ایوارڈ سمیت مختلف بین الاقوامی اعزازت وصول کیے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں