'سندھ کے بجلی بحران پر قابو پایا جائے'

23 جون 2015
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری۔ رائٹرز فائل فوٹو۔
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری۔ رائٹرز فائل فوٹو۔

کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم نواز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے 'اچھے دفاتر ' کا استعمال کرتے ہوئے سندھ میں بجلی کے بحران پر قابو پائیں۔

وزیراعظم کو پیر کے روز اپنے خط میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے اس موسم میں 20 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کسی سزا سے کم نہیں اور اس سے صوبے کے لوگوں کی زندگیاں قابل رحم ہوگئی ہیں۔

خط میں انہوں نے سندھ میں موجودہ توانائی بحران کا نوٹس لینے کی درخواست کی اور کہا کہ صوبے کے زیادہ تر علاقے 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش برداشت کررہے ہیں۔

زرداری صاحب نے کہا کہ سندھ حکومت 2.4 ارب روپے کے واجبات ادا کرچکی ہے جبکہ پانی و بجلی کے وزیر کو دادو اور نوڈیرو میں چھوٹے پاور پلانٹس کے نرخوں کا مسئلہ حل کرنا چاہیے تاکہ لوڈشینڈنگ کا مسئلہ حل ہوسکے۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ سندھ کے وزیر خزانہ نے انہیں بتایا ہے کہ ان مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

زرداری نے ایک خط کا بھی حوالے دیا جسے سندھ کے سینئر وزیر نے وفاقی وزیر کو پانچ جون کو لکھا تھا جس میں وفاق سے بجلی بحران پر قابو پانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

یہ وہ خط ہے جو مراد علی شاہ نے خواجہ آصف کو لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں ابھی بھی لمبے دورانیے کے لیے لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں