پاکستانی ٹیم سری لنکا کو شکست دے سکتی ہے، عرفان
لاہور: دوبارہ فٹنس حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں سری لنکا کو پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں شکست دینے کی صلاحیت موجود ہیں جبکہ انہوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں حالیہ تبدیلیوں کو اپنے حق میں استعمال کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔
جمعرات کو بارش سے متاثرہ ٹریننگ کیمپ کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فٹنس حاصل کرنے کے لیے انہوں نے بھرپور محنت کی۔
دراز قد عرفان جنہوں نے اپنا آخری ایک روزہ میچ ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا، نے کہا کہ تین ماہ تک کرکٹ سے دور رہنے کے دوران وہ سخت محنت کرتے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: سری لنکا ون ڈے سیریز، عرفان نیشنل اکیڈمی طلب
انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض کی انجری پاکستان کے لیے دھچکا ہے تاہم وہ پرامید تھے کہ ان کی ٹیم سیریز میں کامیابی حاصل کرکے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے لیے اپنی راہ ہموار کرلے گی۔
انہوں نے کہا 'میں امید کرتا ہوں کہ وہاب ایک روزہ سیریز میں واپس آجائے، میرے خیال میں ہمارے پاس سیریز جیتنے کی صلاحیت موجود ہے۔'
وہاب کی ایک روزہ سیریز میں شرکت مشکوک ہے تاہم امکان ہے کہ عرفان کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا جس کا اعلان جمعے کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وہاب ایک روزہ سیریز کیلئے منتخب نہیں ہونگے
عرفان امید کررہے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں تبدیلیوں کا فائدہ فاسٹ باؤلرز کو پہنچے گا۔
عرفان نے کہا: 'اس سے باؤلرز کم رنز دیں گے اور بلے بازوں کو سلاگنگ میں مشکلات پیش آئیں گی۔'
ایک روزہ کرکٹ میں حالیہ تبدیلیوں کے مطابق بیٹنگ پاور پلے ختم کردیا گیا ہے جبکہ 41-50 اوورز کے درمیان 30 یارڈ سرکل کے باہر پانچ فیلڈرز لیے جاسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ بلے بازوں کو تمام طرح کی نوبالز پر 'فری ہٹ' بھی ملا کرے گی۔












لائیو ٹی وی