رابطہ کمیٹی کا الطاف حسین کی تقریر کا دفاع

اپ ڈیٹ 03 اگست 2015
پارٹی رہنما فاروق ستار کے مطابق "الطاف حسین کی تقریر آئین پاکستان کے دائرہ کار کے اندر تھی"—۔فائل فوٹو/اے پی پی
پارٹی رہنما فاروق ستار کے مطابق "الطاف حسین کی تقریر آئین پاکستان کے دائرہ کار کے اندر تھی"—۔فائل فوٹو/اے پی پی

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے لندن میں مقیم اپنے قائد کی جانب سے "ہندوستان، نیٹو اور امریکا سے مدد" طلب کرنے کی تردید کردی ہے.

ہفتے کی شب ایم کیو ایم امریکا چیپٹر کے 19ویں سالانہ کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں الطاف حسین نے کہا تھا کہ "کارکن اقوام متحدہ اور نیٹو ہیڈ کوارٹرز جا کر ان سے کراچی میں فوج بھیجنے کا کہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کس نے قتل عام کیا اور کون کون اس کا ذمہ دار تھا"۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہندوستان خود بزدل اور ڈرپوک ہے، اگر اس میں غیرت ہوتی تو پاکستان کی سرزمین پر مہاجروں کا خون نہیں ہونے دیتا"۔

ایم کیو ایم سربراہ نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ "فوجی اسٹیبلشمنٹ کی ایماء پر میرے خلاف ملک بھر کے پولیس اسٹیشنز میں 150 سے زائد غداری کے مقدمات قائم کیے گئے، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اکیلا الطاف حسین پانچ لاکھ فوج سے ڈرتا ہے یا پانچ لاکھ فوج الطاف حسین سے ڈرتی ہے۔"

مزید پڑھیں:'کارکن نیٹو سے کراچی میں فوج بھیجنے کا کہیں'

الطاف حسین کے بیان کے بعد ہونے والی شدید تنقید کے جواب میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے رات گئے ایک پریس کانفرنس کی گئی.

پریس کانفرنس کے دوران پارٹی رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ "الطاف حسین کی تقریر آئین پاکستان کے دائرہ کار کے اندر تھی".

انھوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین لازم و ملزوم ہیں، "وہ مہاجروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور انھوں نے 5 کروڑ مہاجروں کی جانب سے ہی بات کی".

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے اس بیان کے حوالے سے جس میں ان کا کہنا تھا کہ "الطاف حسین لندن میں اپنے خلاف کیسز کی وجہ سے متنازع بیانات دے رہے ہیں"، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یہ کیسز 5 سال سے زیر التواء ہیں، "کیا الطاف بھائی نے گزشتہ 5 سالوں میں اس طرح سے بات کی ہے"؟

ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے کراچی میں فوج کی حمایت میں بھی ریلیاں نکالی ہیں، لیکن شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے.

فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کے متعدد کارکن "لاپتہ" ہیں، درجنوں کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا جبکہ سینکڑوں بغیر کسی الزام کے زیرِ حراست ہیں.

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ "ہماری بات کوئی نہیں سن رہا، اگر انصاف نہ ملے تو ہم کیا کریں"، انھوں نے مزید کہا کہ "ایم کیو ایم نے اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن کامطالبہ کر رکھا ہے لیکن ابھی تک ہماری شنوائی نہیں ہوئی".

فاروق ستار نے سوال کیا "کیا یہ غیر منصفانہ مطالبہ ہے"؟

ان کا مزید کہنا تھا "ہمیں بتایا جائے کہ کارکنوں کی جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو کون یقینی بنائے گا".

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے الطاف حسین کی تقریر سے متعلق دیئے گئے بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ "وہ صرف سچ بولتے ہیں".

انھوں نے اس بات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وزیراعلیٰ نے اُس وقت کیوں خاموش تھے جب وزیر دفاع خواجہ آصف نے مبینہ طور پر فوج کے حوالے سے اشتعال انگیز بیانات دیئے تھے.

تبصرے (3) بند ہیں

الیاس انصاری Aug 03, 2015 01:00pm
سچ کڑوا ہوتا ہے
Israr Muhammad khan Yousafzai Aug 04, 2015 12:56am
الطاف خسین مہاجر کارڈ استعمال کررہا ھے ھندوستان سے نکل مکانی کرنے والے صرف کراچی میں نہیں باقی صوبوں میں بھی لاکھوں مہاجر موجود ھیں لیکن وہ مقامی لوگوں کے ساتھ بڑے ارام سے زندگی گزار رہیں ھیں مقامی لوگوں کے گھل مل چکے ھیں وہاں سے ایسا کوئی مسئلہ نہیں ایا صرف کراچی میں ایسا ھورہا ھے جس کا زمہ دار الطاف خسین ھیں ھندوستانی کو بلانے کا مقصد کیا ھے کیا یہ لوگ اپنے اپ کو بھاڑتی سمجھتے ھیں مگر دوسری دعوہ کیا جاتا ھے کہ ھم معماران پاکستان ھیں الطاف بھائی کی منطق سمجھ سے باہر ھے کراچی میں فوج بلانے کا مطالبہ ایم کیو ایم کا تھا دوسری سیاسی پارٹیز اس میں زیادہ پرجوش نہیں تھے الطاف خسین لندن میں بیٹھ کر اپنے بیانات سے کراچی والوں کے مشکلات میں اضافہ کررہاھے وقت اگیا ھے کہ ایم کیو ایم کے حلاف عملی اقدام اٹھاۓ جائیں گریٹر بلوچستان گریٹر پختونحوا اور گریٹر پنجاب کی باتیں بہت زیادہ خطرناک ھیں ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ھیں کہ سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرکے ایم کیو ایم کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے لندن میں الطاف خسین کے حلاف کچھ نہیں ھوسکتا کیونکہ لندن بھی اس سارے معاملے میں برابر کا شریک ھے
malik Aug 04, 2015 01:45pm
History books tell us , 7 Lac migrated from UP/CP India to Pakistan in 47 , not counting the forcefully displaced Punjabis and Bengalis and Sindhis ... Pakistan's total Population is around 20 crore... so how come these 7 Lac became 5 crores...??