ایران، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا فیفا ورلڈ کپ میں

سنگاپور: ایران، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا نے ایشیا سے آئندہ سال برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2014 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ایران نے السان میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں جنوبی کوریا کو 1-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے سیٹ بک کرا لی لیکن دوسری جانب جنوبی کوریا کی ٹیم میچ ہار کر بھی ورلڈ کپ تک رسائی میں کامیاب ہو گئی۔
ازبکستان نے قطر کو کوالیفائنگ میچ میں 5-1 سے شکست دی لیکن وہ اس کے باوجود گول کے فرق کے باعث ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی متبادل اسٹرائیکر جوش کینیڈی کے گول کی بدولت عراق کو 1-0 سے شکست دے کر لگاتار تیسری دفعہ ورلڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ایران، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والے دیگر دو ممالک میزبان برازیل اور ایشین چیمپیئن جاپان کو جوائن کر لیا، ان پانچوں کے علاوہ ابھی تک کوئی اور ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔