سانحہ منیٰ: ہلاکتوں کی تعداد 1100 ہوگئی

29 ستمبر 2015
وزیربرائے مذہبی امورسردار یوسف کے مطابق بھگدڑ کے باعث لاپتہ ہونے والے 228 پاکستانیوں سے رابطہ ہوگیا جبکہ62 حجاج تاحال لاپتہ ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
وزیربرائے مذہبی امورسردار یوسف کے مطابق بھگدڑ کے باعث لاپتہ ہونے والے 228 پاکستانیوں سے رابطہ ہوگیا جبکہ62 حجاج تاحال لاپتہ ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: حکومت نے سانحہ منیٰ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے پاکستانیوں حاجیوں کے اہل خانہ کے لئے خصوصی امداد کا اعلان کردیا ہے۔

سانحہ منیٰ کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے مقرر کئے جانے والی خصوصی ترجمان ممبر قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سانحہ منیٰ میں ہلاک ہونے والے حاجیوں کے اہل خانہ میں سے دو یا تین افراد کو حج مشن مکمل ہونے کے فوری بعد عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب بھیجا جائے گا۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں سےاب تک 228 پاکستانی حجاج کا ان کے اہلخانہ سے رابطہ کرادیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ منیٰ میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے فی کس دیئے جائے گے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ سانحہ منیٰ میں لاپتہ افراد کے لواحقین کیلیے پاکستان اور سعودی عرب میں دو ہیلپ لائنز قائم کردی گئی ہیں۔

ادھر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تصدیق کی ہے کہ سانحہ منیٰ میں ہلاک ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے جبکہ 62 حاجی تاحال لاپتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حج کے دوران سانحہ منیٰ میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1100 تک پہنچ چکی ہے اور سانحہ کے متاثرین کی تصاویر جدا میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں آویزاں کردی گئی ہیں۔

انھوں ںے بتایا کہ لاپتہ افراد ہونے والے پاکستانی حاجیوں میں سے 36 نجی حج کمپنیوں جبکہ دیگر سرکاری حج اسکیم کے تحت حج کے لئے سعودی عرب گئے تھے۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانے اور حج مشن سے تعلق رکھنے والا عملہ ڈاکٹروں کے ساتھ ہسپتالوں میں جاکر زخمیوں سے ملاقات کررہے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر، جس میں دیکھایا گیا ہے کہ لاشوں کو ٹرک کے ذریعے سے ہٹایا جارہا ہے، وہ پرانی ہیں اور اس کا گزشتہ ہفتے ہونے والے سانحہ منیٰ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں زیر علاج 228 پاکستانی حاجیوں کی شناخت کی جاچکی ہے اور جب تک یہ معاملہ مکمل حل نہیں ہوجاتا حج مشن کا تمام عملہ اور وزیر مذہبی امور سعودیہ میں ہی موجود رہے ہیں گے۔

واقعے میں لاپتہ پاکستانیوں کے رشتے داروں کو اپنے پیاروں کی معلومات حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب میں ٹول فری نمبر 08001166622 جبکہ سعودی عرب سے پاکستان کال کرنے والوں کے لیے لینڈ لائن نمبر 924235880054 جاری کیا گیا ہے.

اس کے علاوہ 9661252775350 کے ذریعے منیٰ سے براہ راست معلومات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں