‘پاک-انڈیا سیریز کے امکانات باقی’

شائع September 30, 2015

لاہور:پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ حکام کے درمیان اگلے مہینے متوقع ملاقا ت کے بعد مجوزہ باہمی سیریز منعقد ہونے کی امید باقی ہے۔

دنوں پڑوسی ملکوں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں کے بعد دسمبر میں مجوزہ سیریز کا انعقاد مشکل نظر آ رہا ہے۔

تاہم، شہر یار نے بتایا کہ بی سی سی آئی نے ان کے خط کے جواب میں وعدہ کیا ہے کہ دبئی میں 13-8 اکتوبر تک جاری رہنے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے موقع پر دونوں بورڈز بات چیت کریں گے۔

’ بی سی سی آئی کا جواب موصول ہونے کے بعد امید ہے کہ یہ سیریز منعقد ہو سکے گی‘۔

یاد رہے کہ انڈیا نے 2008 میں ممبئی میں دہشت گردی کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کر دیے تھے۔

پاکستان نے دسمبر، 2012 میں انڈیا کا مختصر دورہ کرتے ہوئے دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے تھے، تاہم اس کے باوجود دنوں ملکوں میں باہمی کرکٹ تعلقات بحال نہ ہو سکے۔

شہریار خان نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی پشت پناہی کے بعد باہمی سیریز بحال ہونے کی امید دوبارہ پیدا ہوئی ہے۔

’وزیر اعظم کی جانب سے سیریز کی حمایت خوش آئند ہے اور مجھے امید ہے کہ انڈیا تحریری معاہدے کا پاس رکھے گا‘۔

بدھ کو انڈیا کے دورے پر جانے والے پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ ان کا دورہ باہمی سیریز سے متعلق نہیں بلکہ وہ بی سی سی آئی کے سابق سربراہ جگ موہن ڈالمیا کے انتقال پر افسوس کرنے جا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025