عامر بنگلہ دیش لیگ کیلئےغیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل
ڈھاکا: پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عامر اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل سمیت تقریباً 200 غیر ملکی کھلاڑی آسٹریلیا کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دورہ منسوخ کرنے کے باوجود بنگلہ دیش پریمئر لیگ کھیلنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔
یکم ستمبر کو آئی سی سی پابندی ختم ہونے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے میں مصروف عامر کے علاوہ پاکستان کے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی ، انگلینڈ کے روی بوپارہ اور سری لنکا کے کمار سنگا کارا بھی بی پی ایل کھیلنے کے خواہش مند کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر 2013 میں پاکستان دورہ سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو بی پی ایل کے دوسرے ایڈیشن میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔
تاہم، بنگلہ دیش خواتین ٹیم کے حالیہ دورہ کراچی کے بعد دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
بی پی ایل حکام نے بتایا کہ رواں سال182 غیر ملکی کھلاڑیوں میں پاکستان سے 52،انگلینڈ سے 48 اور آسٹریلیا سے چار نام شامل ہیں۔
میچ فکسنگ سکینڈل کی وجہ سے دو سال تک نہ ہونے والی پر کشش لیگ کا نیا ایڈیشن 21 نومبر سے شروع ہو گا۔
بنگلہ دیش بورڈ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باوجود انہیں لیگ کے حوالے سے اچھا رسپانس ملا ہے۔ رواں مہینے آسٹریلیا نے شدت پسندوں کے غیرملکیوں پر حملے کے خطرے کے پیش نظر سیریز ختم کر دی تھی۔
تاہم، اب بنگلہ دیش بورڈ کے ترجمان جلال یونس کہتے ہیں ’ہم نے یہاں تمام کھلاڑیوں کو مناسب سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے، لہذا غیر ملکی کھلاڑیوں نے زیادہ تشویش ظاہر نہیں کی‘۔
بی پی ایل پلیئرز کی لاٹری 31 اکتوبر کو منعقد ہو گی ، جس میں چھ فرنچائز ٹیمیں زیادہ سے زیادہ 7 غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کر سکیں گی۔












لائیو ٹی وی