زلزلہ زدگان کی بحالی کا عمل سردیوں سے قبل مکمل کرنے کا عزم

شائع October 30, 2015

اسلام آباد: پاکستان نے زلزلہ زدگان کی سخت سردی کے موسم کے آغاز سے قبل بحالی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل (ر) اصغر نواز کا کہنا تھا کہ متاثرین کو رقم کی ادائیگی کا عمل پیر سے شروع ہوگا جبکہ ریسکیو کا مرحلہ ختم ہوچکا، اب حکام کا مرکز ریلیف آپریشنز کی جانب ہوگا۔

حکومت کے اعلان کے مطابق زلزلہ متاثرین دو لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ افغانستان اور پاکستان میں آنے والے 7.5 شدت کے زلزلے کے باعث دونوں ممالک میں مجموعی طور پر 390 افراد ہلاک ہوگئے۔

پاکستان نے اب تک 272 افراد کی ہلاکت اور 2227 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ زلزلے سے سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخوا متاثر ہوا جہاں ابھی سے ہی کئی علاقوں میں درجہ حرارت صفر سے نیچے جانا شروع ہوگیا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل شروع ہوچکا ہے، کے پی کے حکومت نے معاوضہ کی ادائیگی کیلئے دو ارب 83 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلہ زدہ علاقوں میں یکم نومبر سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جس سے ناصرف زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو گا بلکہ امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

نواز کا کہنا تھا کہ پیر سے لیکر اب تک 67 آفٹر شاکس محسوس کیے جاچکے ہیں تاہم مزید کوئی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025