• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C

’الیکشن اصلاحات پر معمولی پیش رفت ہوئی‘

شائع January 10, 2016

اسلام آباد: ایسے وقت میں جب پارلیمانی کمیٹی الیکشن اصلاحات کے حوالے سے اپنا مقررہ کام مکمل کرنے جارہی ہے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چار اہم مسائل، جن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مضبوط کرنا بھی شامل ہے، پر ’بہت سست پیش رفت اور شدید تحفظات‘ کا اظہار کردیا ہے۔

ان تحفظات کا اظہار کمیٹی کے رکن اور پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے موسمی تبدیلی کے وزیر زاہد حامد کو تحریر کیے جانے والے ایک خط میں کیا ہے، جو کہ الیکش اصلاحات پر قائم کی جانے والی ذیلی کمیٹی کے کنوینر ہیں۔

ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے گذشتہ 6 ماہ سے ذیلی کمیٹی کے سامنے اٹھائے جانے والے مسائل پر حکومت کی جانب سے کسی قسم کا جواب موصول نہ ہونے کے باعث وہ خط لکھنے پر مجبور ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کی اجازت، الیکٹرونک ووٹننگ مشین کے استعمال، ووٹروں کی بائیومیٹرک تحقیق اور ای سی پی کو فنانس اور انتظامی امور میں آزاد بنانے کیلئے قانون سازی کے حوالے سے انتہائی قلیل یا نہ ہونے کے برابر پیش رفت ہوئی ہے۔

انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ اگر ان چار تحفظات کو فوری طور پر دور نہ کیا گیا تو الیکشن اصلاحات کا تمام طریقہ کار ایک دھوکے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ ہونے والے بلدیاتی الیکشن سے واضح ہو رہا ہے کہ الیکشن ’ای سی پی کے کنٹرول میں نہیں تھا‘۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’میری پارٹی نے قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ ہم جو بھی قانون بنائے ای سی پی اس قانون کی عمل درآمد کی پوزیشن میں نہیں اور مجموعی خلاف ورزیاں 2018 میں بھی جاری رہے گی۔ میرا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ پارلیمانی الیکشن اصلاحات کمیٹی نے اب تک ان مسائل کو قائل کرنے کے انداز سے غور نہیں کیا ہے‘۔

اس حوالے سے زاہد حامد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عارف علوی کو رکن کی حیثیت سے کسی بھی قسم کا مسئلہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ہی پیش کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے ذیلی کمیٹی کے ان کمیرہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے زاہد حامد نے بتایا تھا کہ کمیٹی اپنا کام آئندہ چند ہفتوں میں مکمل کر لے گی اور بعد میں وہ اپنی سفارشات مرکزی کمیٹی کو بھیج دے گی، جس کی صدارت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ الیکشن اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم کی درخواست پر قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے جولائی 2014 کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

یہ خبر 10 جنوری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025