کراچی: کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ کے قریب ایک مبینہ پولیس مقابلے میں چار مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے بتایا جارہا ہے۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر یہ کارروائی کی جس کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کردیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرنے والے افراد کا تعلق ٹی ٹی پی سے تھا۔

مرنے والوں میں سے تین کی شناخت امیراللہ محسود، خان ولی عرف خانیوال اور خونی خیل کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان رینجرز سندھ نے ٹارگٹ کلنگز اور دیگر جرائم میں ملوث تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت کے 'عسکری ونگ' سے ہے۔

رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم محمد دانش کو رام سوامی سے گرفتار کیا گیا جنہوں نے چار ٹارگٹ کلنز میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

رینجرز کے مطابق محمد اسلم عرف منا کو لانڈھی سے گرفتار کیا گیا جنہوں نے متعدد قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔

اس کے علاوہ محمد احسان کو عثمان آباد سے گرفتار کیا گیا جنہوں نے ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ ہونے کا اعتراف کیا۔

انہوں نے قتل کی متعدد وارداتوں، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں