پی آئی اے کا سعودی ایئر لائنز سے معاہدہ

اپ ڈیٹ 04 فروری 2016
پی آئی اے کی ایک خاتون ملازم ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کے دوران نعرے لگا رہی ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی
پی آئی اے کی ایک خاتون ملازم ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کے دوران نعرے لگا رہی ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے ادارے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کے باعث پروازیں منسوخ ہونے سے جدہ میں پھنس جانے والے پاکستانی زائرین کو واپس لانے کے لیے چار 747 بوئنگ جمبو طیاروں کا انتظام کرلیا.

پی آئی اے ترجمان نے بدھ کی رات جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ اس سلسلے میں سعودی ایئرلائنز کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے تحت جمبو طیارے جمعے سے پروازوں کا آغاز کریں گے اور 2 ہزار زائرین کوکراچی اور اسلام آباد لایا جائے گا.

ترجمان کا کہنا تھا کہ واپسی پر یہی طیارے اتنی ہی تعداد میں عمرے کے لیے جانے والے افراد کو بھی جدہ لے کر جائیں گے.

مزید پڑھیں:’پی آئی اے نجکاری کے خلاف احتجاج ایک سیاسی کھیل‘

پی آئی اے کے کنفرم ٹکٹس کے حامل مسافروں کو ایئرلائن کی جانب سے جدہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا جایا گیا، جبکہ پاکستان میں بھی ایسے مسافروں کو مختلف شہروں کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا.

ترجمان کا کہنا تھا کہ بیک اپ پلان کے طور پر پی آئی اے اتحاد ایئرویز اور ترک ایئر لائنز سے بھی مذاکرات کررہی ہے تاکہ یورپ، امریکا اور کینیڈا آنے اور جانے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی جاسکی.

یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے نجکاری: درست سمت میں غلط قدم

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرلائنز کے متعلقہ دفاتر سے ہی ٹکٹ خریدیں تاکہ زائد پیسوں کی ادائیگی سے بچا جاسکے، ساتھ ہی مسافروں کو ایئرلائنز کی ویب سائٹ پر دیئے گئے کرایوں پر ہی بھروسہ کرنے کا کہا گیا ہے.

سی اے اے کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ پاکستان کے مسابقتی کمیشن کی ذمہ داری ہے، لیکن سول ایوی ایشن معمول کے کرائے برقرار رکھنے کے حوالے سے نگرانی کر رہی ہے.

یہ خبر 4 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں