آرمی نے خود کو دنیا کی بہترین فوج ثابت کیا: آرمی چیف

اپ ڈیٹ 26 فروری 2016
جنرل راحیل شریف کا بہاولپور کے قریب صحرائے چولستان میں جاری فوجی مشقوں کا معائنہ—۔فوٹو/ بشکریہ عاصم سلیم باجوہ ٹوئٹر اکاؤنٹ
جنرل راحیل شریف کا بہاولپور کے قریب صحرائے چولستان میں جاری فوجی مشقوں کا معائنہ—۔فوٹو/ بشکریہ عاصم سلیم باجوہ ٹوئٹر اکاؤنٹ

بہاولپور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی نے پاک آرمی کو بہترین فوج ثابت کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف نے بہاولپور کے قریب صحرائے چولستان میں جاری فوجی مشقوں میں شرکت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج روایتی جنگ کے حوالے سے بہترین پیشہ ورانہ مہارت رکھتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی نے ہمیں بہترین فوج ثابت کیا۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہمیں ہر طرح کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے مشقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

بہاولپور میں مشقوں کے جائزے کے بعد آرمی چیف ملتان کور کے ٹارگٹ ایریا میں روانہ ہوگئے، جہاں فوجی مشقیں جاری ہیں۔

جنرل راحیل شریف گذشتہ روز چولستان کے صحرا میں ہونے والی فوجی مشقوں کے معائنے کے لیے بہاولپور پہنچے تھے، جہاں فیلڈ کمانڈر نے آرمی چیف کو مشقوں سے متعلق بریفنگ دی۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ موثر تربیت کی بدولت ہی فوج ہر قسم کے خطرات کا بھر پور مقابلہ کرسکے گی۔

آرمی چیف نے فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آپریشنل استعداد کو بڑھانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں