غداری کیس میں پرویز مشرف بیان کیلئے طلب

08 مارچ 2016
سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف — فائل فوٹو/ اے ایف پی
سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف — فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے استغاثہ کی شہادتیں قلمبند ہونے کے بعد ملزم پرویز مشرف کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 31 مارچ کو طلب کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس میاں مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے غداری کیس کی سماعت کی۔

وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے کہا کہ شہادتیں قلمبند ہوچکی ہیں، ملزم کو طلب کر کے بیان ریکارڈ کیا جائے، جس پر جسٹس میاں مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیئے کہ وقت ضائع کیے بغیر ملزم کا بیان ریکارڈ کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : مشرف غداری کیس: دوبارہ تحقیقات کا حکم

وکیل صفائی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی تو جسٹس میاں مظہر عالم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کو طریقہ کار کے مطابق جمع کرایا جائے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ملزم کو ضمانت کے ساتھ حاضری سے استثنیٰ بھی حاصل ہے؟ اگر استثنیٰ ہے بھی تو عدالت جب مناسب سمجھے ملزم کو نوٹس جاری کرکے بلا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں : مشرف غداری کیس: خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم

وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ شبقدر سانحہ کی وجہ سے پاکستان بار کونسل نے ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، پرویز مشرف کے ہیڈ کونسل فروغ نسیم اسی وجہ سے پیش نہیں ہو رہے، وہ کراچی رجسٹری میں بدامنی کیس میں پیش ہو رہے ہیں۔

جسٹس میاں مظہر عالم نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ملزم پرویز مشرف عدالت پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں، پیشی کے موقع پر عدالتی سوالنامہ ملزم کے سامنے رکھا جائے اور اس سے پوچھیں گے کہ استغاثہ کی شہادتوں کے بعد کیا وہ اپنا دفاع کرنا چاہیں گے۔

مقدمے کی سماعت 31 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں