پاناما لیکس: الیکشن کمیشن کی کارروائی کا امکان نہیں
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پاناما پیپرز میں آف شورکمپنیوں میں ملکیت ظاہر ہونے پر نامزد ہونے والے سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔
یہ تاثر الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بابر یعقوب فتح محمد نے کمیشن ہیڈکواٹر میں میڈیا سینٹر کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران دیا۔
بابر یعقوب کے خیال میں پاناما پیپرز میں ایسا کچھ موجود نہیں جس پر کمیشن کی توجہ مبذول کروائی جاسکے۔
تاہم اس سوال کے جواب میں کہ کیا الیکشن کمیشن لیک ہونے والے مواد کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد یہ دیکھے گا کہ کس سیاست دان نے کرپشن کا ارتکاب کیا ہے سیکریٹری بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ای سی پی کا سیاسی مالیاتی ونگ ( پولیٹیکل فنانس ونگ) اس معاملے پر نظرِ ثانی کرے گا ۔
واضح رہے کہ ارکان پارلیمنٹ کا اثاثے چھپانا کرپشن کے زمرے میں آتا ہے ،جس سے ان کو نا اہل قرار دے دیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی نے اثاثے ظاہر نہ کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ابھی تک الیکشن کمیشن میں درخواست دائر نہیں کی، تاہم بابر یعقوب نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ کیا الیکشن کمیشن ایسی کسی پٹیشن کو سنجیدگی سے لے گا۔
بیرونِ ممالک رہنے والے پاکستانیوں کے ووٹنگ کے اختیار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ایک بین الاقوامی کنسلٹنٹ نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور یہ اُس وقت تک شروع نہیں کیا جاسکتا جب تک ہم اس عمل کو 100 فیصد خرابیوں سے پاک نہیں کرلیتے ۔
اسی طرح الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے بارے میں سیکریٹری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جلد ہی 400 مشینوں کے حصول کے لیے ٹینڈرز جاری کرے گا اور ان کی آزمائش رواں سال اکتوبر اور نومبر میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں کی جائے گی ۔
یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس: معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا فیصلہ
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ قانون ساز باقی ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہیں کروائی، اگرچہ نہوں نے اُن قانون سازوں کے نام نہیں بتائے تاہم واضح کیا کہ ان کی رکنیت فی الحال معطل ہے۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے لیے یہ ضرروی ہے کہ وہ اُن قانون سازوں کے نام بتائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ وہ آئندہ پارلیمنٹ میں ہونے والے اجلاس میں شمولیت اختیار نہ کرسکیں ۔
دوسری جانب این اے 245 (کراچی) اور پی ایس 115(کراچی) کے ضمنی الیکشن کے دوران رینجرز کی تعیناتی آج (بروز بدھ) سے شروع ہوگی، جبکہ الیکشن 7 اپریل (بروز جمعرات) ہوں گے۔
یہ خبر 6 اپریل، 2016 کے ڈان اخبار سے لی گئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔










لائیو ٹی وی