اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں درخواست دائر کردی گئی۔

پی ٹی آئی کے نوابزادہ صلاح الدین سعید نے الیکشن کمیشن میں کیپٹین صفدر کی اہلیہ مریم نواز کے اثاثوں کی مکمل تفصیل درج نہ کروانے کے خلاف پیٹیشن دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن فوجداری کارروائی کرتے ہوئے کیپٹین صفدر کو نا اہل قرار دے۔

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ یہ پٹیشن قومی مفاد میں ہے اور اگر الیکشن کمیشن نے بات نہ سنی تو عدالت سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:کیپٹن صفدرکو ڈی سیٹ کرنے کیلئے پٹیشن کافیصلہ

مذکورہ پٹیشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نوابزادہ صلاح الدین سعید نے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے توسط سے دائر کی، جس کے مطابق مریم نواز لندن میں جائیداد اور آف شور کمپنیوں کی مالک ثابت ہوچکی ہیں۔

اس سے قبل ایڈووکیٹ فیصل حسین چوہدری نے ڈان کو بتایا تھا کہ کاغذات نامزدگی اور اپنے اثاثوں اور واجبات کی حالیہ تفصیل کے مطابق کیپٹن صفدر نے اپنی اہلیہ مریم نواز کی غیر ملکی جائیدادوں کی تفصیلات کا ذکر نہیں کیا تھا، جن کا انکشاف پاناما پیپر لیکس کے ذریعے ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف

صلاح الدین سعید کے وکیل کے مطابق ریپریزنٹیشن آف پیپلز ایکٹ برائے 1976 کی سیکشن 12 (2) (ف) کے تحت ہر نمائندے کو اپنی اور اپنے اہلخانہ کے تمام اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات مجوزہ فارم پر درج کرنی ہوتی ہیں۔

حال ہی میں مسلم لیگ (ن) کے (ر) جسٹس افتخار چیمہ کو اپنی اہلیہ کے ساتھ شیئر کیے گئے بینک اکاؤنٹ کو ڈکلیئر نہ کرنے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے ذریعے ڈی سیٹ کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے وکیل کا کہنا تھا کہ، 'میرے خیال میں اثاثے چھپانے کا یہ ایک بہت سادہ سا کیس ہے'۔

اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز لیکس کے علاوہ بھی ایک سے زائد مرتبہ مریم نواز کی والدہ کلثوم نواز شریف اور ان کے بھائی حسین نواز شریف، ان کی جائیدادوں کے حوالے سے بات کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما لیکس: شریف خاندان کا دفاع نہ کرنے پر مریم ناخوش

واضح رہے کہ صلاح الدین سعید کو 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسممبلی کے حلقے این اے 21 میں کیپٹن صفدر نے شکست دے دی تھی۔

کیپٹن صفدر کو مذکورہ انتخابات میں 90،408 ووٹ حاصل ہوئے، دوسرے نمبر پر جمیعت علمائے اسلام کے لئیق محمد خان رہے جنھوں نے 42،980 ووٹ حاصل کیے جبکہ صلاح الدین سعید کو 24،491 ووٹ حاصل ہوئے۔

قانون کے تحت اراکین اسمبلی کو اپنی اور اپنے اہلخانہ کے اثاثوں اور واجبات کا سالانہ ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما لیکس مسلم لیگ کیلئے پریشان کن نہیں

مالی سال برائے 2015 میں جمع کرائی گئی تفصیل میں کیپٹن صفدر نے ایک 48 ہزار سی سی بی ایم ڈبلیو کار کا ذکر کیا جو ان کی اہلیہ کو متحدہ عرب امارات میں کسی کی جانب سے تحفہ دی گئی، انھوں نے مریم نواز کی ملک میں اور بیرون ملک اور کسی جائیداد کا ذکر نہیں کیا۔

کیپٹن صفدر اسلام آباد، مانسہرہ اور راجن پور میں 4 جائیدادوں کے مالک ہیں، انھوں نے مانسہرہ میں 100 کنال کی زمین اور راجن پور میں 215 ایکڑ کی زمین کی مارکیٹ ویلیو بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں درج نہیں کی۔

پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز
پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز
پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز
پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز
پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز
پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز
پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز
پٹیشن کا عکس—۔ڈان نیوز


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں