روجر فیڈرر فرنچ اوپن ٹینس سے دست بردار

فیڈرر رواں سال اب تک چار ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکے ہیں—فوٹو: اے پی
فیڈرر رواں سال اب تک چار ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکے ہیں—فوٹو: اے پی

پیرس: سابق عالمی نمبر 1 ٹینس اسٹار سوئٹزرلینڈ کے روجرفیڈرر نے 22 مئی سے شروع ہونے والے فرنچ اوپن سے دست برداری کا اعلان کردیا۔

34 سالہ روجر فیڈرر رواں ماہ کے آغاز میں میڈرڈ اوپن میں ریڑھ کی ہڈی میں درد کے باعث شرکت نہیں کرسکے تھے جبکہ اٹالین اوپن میں تیسرے مرحلے پر غیر معروف کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سوئس ٹینس اسٹار کا کہناتھا کہ 'میری صحت یابی کا عمل جاری ہے لیکن تاحال مکمل صحت یاب نہیں ہوسکا اور میں نے محسوس کیا کہ مکمل تیاری سے قبل ایونٹ میں کھیلنا غیر ضروری رسک ہوسکتا ہے'۔

انھوں نے واضح کیا کہ فیڈرر اس صدی میں پہلی دفعہ گرینڈ سلیم سے باہر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ فیصلہ اتنا آسان نہیں تھا لیکن میں نے یہ اس لیے کیا تاکہ سیزن کے دیگر مقابلوں میں حصہ لے سکوں اور اپنے کیرئر کو طول دینے میں مدد ملے'۔

روجر فیڈرر رواں سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کے بعد گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر مقابلوں سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد وہ اپریل میں مونٹے کارلو ماسٹرز میں واپس آئے تھے جہاں جو ولفریڈ کے ہاتھوں کوارٹرفائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فیڈرر نے 2009 میں فرنچ اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ رواں سال میں اب تک چار ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکے ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں