حکمران جماعت کے بیروزگار کارکن کا ٹماٹر کا اسٹال
ملتان: حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ایک کارکن نے پارٹی قیادت کی جانب سے نظرانداز کیے جانے پر مقامی پریس کلب کے باہر گدھا گاڑی پر ٹماٹر فروخت کرنے شروع کردیئے۔
مسلم لیگ (ن) ضلع ملتان کے لیبر ونگ کے صدر فرحان احمد انصاری کے اسٹال نے نہ صرف پریس کلب آنے والے صحافیوں بلکہ راہگیروں کو بھی اپنی جانب متوجہ کیا۔
فرحان احمد کا کہنا تھا کہ وہ اس لیے احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور مقامی قیادت کارکنوں کی مشکلات سے ناواقف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی عہدیدار ہونے کے باوجود وہ کئی ماہ سے بیروزگار ہیں جبکہ مخصوص گروپ اختیارات سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
فرحان احمد نے کہا کہ انھوں نے مقامی قیادت کو اپنی معاشی مشکلات کے حوالے سے بتایا، لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے کئی مرتبہ پارٹی کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے کئی پارٹی کارکنوں کو صوبائی محکموں میں چیئرمین کے عہدے پر جگہ دی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ چیئرمین کے لیے نوٹیفکیشن وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری ہوئے اور ضلع ملتان میں ایک درجن چیئرمین ایسے ہیں جو مسلم لیگ (ن) کے کارکن تھے۔
یہ خبر 21 جون 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی