اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کی تکمیل کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت آئندہ مالی سال کے لیے 49 ارب 50 کروڑ روپے مختص کردیے۔

مغربی روٹ کے تحت منصوبوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

  • ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے کے برہان ۔ ہاکلا سیکشن کے لیے 22 ارب روپے۔

  • گوادر ۔ تربت۔ ہوشاب سیکشن کے لیے 5 ارب روپے۔

  • ہوشاب ۔ ناگ ۔ بَسیما ۔ سُربا سیکشن کے لیے 4 ارب روپے۔

  • ڈیر اسماعیل خان ۔ مغل کوٹ سیکشن کے لیے ایک ارب 10 کروڑ روپے۔

  • تھاکوٹ ۔ حویلیاں سیکشن کے لیے 16 ارب 50 کروڑ روپے۔

  • برہان ۔ حویلیاں ایکسپریس وے کے لیے 4 ارب 60 کروڑ روپے۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی راہداری منصوبہ: چین کی دلچسپی کیوں؟

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ نے وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو ہاکلا سے ملانے والے 285 کلو میٹر طویل برہان ۔ ہاکلا سیکشن کی تعمیر 2 سال میں مکمل ہوگی اور اس پر 129 ارب روپے لاگت آئے گی۔

یہ موٹروے پنڈی غیب، ساون، میانوالی، روکھڑی اور رحمانی خیل سے گزر کر ڈیرہ اسماعیل خان کے یارِک کے مقام پر اختتام پذیر ہوگی۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے ’اے پی پی‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے کا گوادر ۔ سوراب دسمبر 2016 تک مکمل کرلیا جائے گا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل سیکشن جولائی 2018 میں مکمل ہوگا۔

مزید پڑھیں: 'پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی تبدیلی میں معاون ہوگی'

احسن اقبال نے بعض عناصر کی جانب سے راہداری کے مغربی روٹ کے حوالے سے ابہام پیدا کرنے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روٹ کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے موجود ہے اور روٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مطلوبہ فنڈز فراہم کرکے راہداری کے مغربی روٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں