'نوازشریف نے ہر ادارے کو تباہ کردیا'
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف جب سے سیاست میں آئے ہیں، انھوں نے اسے کاروبار بنا لیا ہے۔
ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں ہر ادارے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہوں، کیونکہ عوام اب آرام سے نہیں بیٹھ سکتی۔
شریف خاندان کے خلاف دائر حالیہ ریفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم اس کے لیے بھرپور تحریک چلائیں گے تاکہ جو الزامات ریفرنس میں لگائے گئے ہیں ان کی تحقیقات ہوسکے۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل پیپلز پارٹی نے اثاثوں کی تفصیلات چھپانے پر وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی کا ریفرنس دائر کیا تھا۔
مزید پڑھیں: پاناما انکشافات: 'وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے'
پیپلز پارٹی کے سردار لطیف کھوسہ، فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے دائر 75 صفحات کے اس ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن لڑتے وقت وزیراعظم نواز شریف ساڑھے 6 ارب روپے کے ڈیفالٹر تھے جبکہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد وزیراعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے، لہذا انھیں نااہل قرار دیا جائے۔
اس سوال پر کہ اس طویل ریفرنس کو ثابت کرنے کے لیے آپ ثبوت کہاں سے لائیں گے؟ سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ثبوت انھوں نے پہلے ہی جمع کرلیے ہیں اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اور ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے تمام گوشوارے بھی حاصل کیے جاچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی نہیں بلکہ ہم نے لندن میں فلیٹوں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں اور ساتھ ہی اس ریفرنس میں آڈیوز اور کچھ ویڈیوز بھی جمع کروائی ہیں جو ایک واضح ثبوت ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ نواز شریف پر آج تک جتنے بھی مقدمات ہیں، ان پر ماضی میں کسی ایک پر بھی میرٹ پر فیصلہ نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف
پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ ریفرنس ایک ایسے وقت میں دائر کیا گیا، جب پاناما لیکس کے حوالے سے ٹی او آرز پر ابھی تک حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں ڈیڈلاک ختم نہیں ہوسکا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔










لائیو ٹی وی