اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے 201 ارب روپے سے زائد مالیت کے 7 مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظور دے دی ہے۔

ڈان نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

سیالکوٹ، لاہور موٹروے منصوبہ ایجنڈے میں شامل نہ ہونے کے باوجود کمیٹی نے وزیراعظم کی جانب سے سنگ بنیاد رکھنے سے محض چند گھنٹے قبل اسے منظور کیا۔

کمیٹی نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کے منصوبے کی 7 ارب روپے کمی کیساتھ منظوری دی، کمیٹی نے 89 کلو میٹر طویل منصوبے کی لاگت 52 ارب 64 کروڑ سے کم کرکے 45 ارب 38 کروڑ روپے کردی۔

مزید پڑھیں: سیالکوٹ-لاہور موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

کمیٹی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت مشرقی روٹ کو جوڑنے کا برہان، حولیاں ایکسپریس وے کے نظرثانی شدہ منصوبے کی بھی منظوری دی، 59 کلومیٹر کے اس ایکسپرس وے منصوبے کی لاگت 4 ارب روپے اضافے کیساتھ 30 ارب سے بڑھا کر 34 ارب 16 کروڑ روپے کردی گئی۔

اجلاس میں 26 ارب 85 کروڑ روپے کالواری روڈ ٹنل کا نظرثانی شدہ منصوبہ، 45 ارب 49 کروڑ روپے مالیت کا پاکستان ریلویز کے لیے 75 ڈیزل الیکٹرک انجن خریدنے کا منصوبہ، 70 ارب 42 کروڑ روپے مالیت کا چکدہ منصوبہ، چترال ہائی وے کے تحت 130 کلو میٹر کشادگی اور بہتری کا منصوبہ اور 22 ارب 16 کروڑ روپے کا بلوچستان انٹی گریٹڈ واٹر ریسورس مینجمنٹ اور ڈویلپمنٹ کا منصوبہ بھی منظورکیا گیا۔

کمیٹی نے 9 ارب 56 کروڑ روپے کی لاگت سے آبدوزوں اور تجارتی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والے جہازوں کی ڈاکنگ اور مرمت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے شپ لفٹ، ٹرانسفر سسٹم اور متعلقہ مشنری و آلات کی تنصیب کا منصوبہ بھی منظور کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں