• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm

پیش ہے ٹرک کی ایک اور بتی

شائع November 2, 2016 اپ ڈیٹ November 3, 2016

یکم نومبر کو سپریم کورٹ نے وزیرِ اعظم نواز شریف سمیت شریف خاندان کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی. چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی قیادت میں 5 رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے عدالتی کمیشن بنانے کے لیے فریقین سے تحقیقات کی شرائط (ٹی او آرز) طلب کر لیے۔

عمران خان اس فیصلے کو پی ٹی آئی کی اخلاقی فتح قرار دے رہے ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ اگر عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اپنی فتح کا جشن منانا ہی تھا تو احتجاج اور دھرنے کی ہنگامہ خیزی سے پہلے یکم نومبر کا انتظار تو کر لیتے۔ سپریم کورٹ نے تو 20 اکتوبر کو ہی وزیرِ اعظم سمیت شریف خاندان کو یکم نومبر کو حاضر ہونے کا نوٹس دے دیا تھا۔

پھر اعلان کردہ 2 نومبر کے احتجاج سے 4 دن پہلے کیوں راولپنڈی میں میدان جنگ لگایا گیا؟ کیوں 31 اکتوبر کو خیبر پختونخوا سے وزیرِ اعلیٰ کی سربراہی میں کارکنوں کے جتھے بلوائے گئے؟ کیوں عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد کو بند کرنے کی تیاریاں کی گئیں جن سے نمٹنے کے لیے حکومت کو ریاستی طاقت کا سہارا لینا پڑا؟

اب سپریم کورٹ نے فریقین کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بنائے جانے والے عدالتی کمیشن کے لیے ٹی او آرز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر دونوں فریق ٹی او آرز پر متفق نہیں ہوتے تو عدالت تحقیقات کے لیے ٹی او آرز کا تعین خود کرے گی، جو کہ سب کو تسلیم کرنے پڑیں گے۔

پڑھیے: پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن

سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے عمران خان خوش نظر آرہے ہیں اور اس جیت کے جشن میں یوم تشکر منا رہے ہیں، مگر یہ مسئلہ اب بھی کسی حتمی نتیجے سے بہت دور ہے کیوں کہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن 6 ماہ پہلے ہی ٹی او آرز طے کر چکی ہے اور اب بھی وہی ٹی او آرز ہوں گے۔

ویسے تو حکومت کی طرف سے ابھی تک نئے ٹی او آرز پر کوئی مؤقف سامنے تو نہیں آیا ہے، لیکن اگر تحریکِ انصاف کے تجویز کردہ ٹی او آرز کو سرسری نظر سے ہی دیکھا جائے تو یہ واضح ہے کہ ان کا ہدف براہِ راست وزیرِ اعظم نواز شریف اور ان کا خاندان ہے۔ ایسی صورت میں حکومت کیسے ان سے متفق ہوسکتی ہے؟

لہٰذا عدالت کے حکم کا آدھا حصّہ تو پہلے ہی رد ہوجاتا ہے جس کے مطابق فریقین کا عدالت میں جمع کروائے گئے ٹی اوآرز پر متفق ہونا لازمی ہے۔

ایسی صورت میں عدالت خود سے ٹی اوآرز کا تعین کرے گی، مگر اعتزاز احسن صاحب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے جو نکتہ اٹھایا، اس میں خاصا وزن ہے۔

اعتزاز احسن کے مطابق کوئی بھی عدالت کسی بھی تحقیقات کے لیے ٹی او آرز کا تعین نہیں کرسکتی، اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسا کرنے سے عدالت پر کسی بھی فریق کی طرف داری کا الزام لگ سکتا ہے۔

چلیں اگر مان بھی لیا جائے کہ عدالت جمہوریت کے بچاؤ کے لیے ٹی او آرز بنا بھی دیتی ہے جسے دونوں فریق تسلیم بھی کر لیتے ہیں، تو اس بات کا کیا ثبوت ہے کہ فیصلہ آنے پر عمران خان اسے من و عن تسلیم کریں گے؟

عمران خان نے تو اپوزیشن کے منتخب کردہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم پر بھی اعتماد کا اظہار کیا تھا، لیکن انتخابات کے نتائج آنے پر چیف الیکشن کمشنر کو بھی دھاندلی میں ملوث قرار دے دیا۔

مزید پڑھیے: پاناما لیکس پر اپوزیشن کے وزیراعظم سے 7 سوال

اس کے بعد جب عمران خان کے ہی مطالبے پر 2013 کے انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا گیا تو عمران خان نے اسے تسلیم کیا، مگر جب اس کے نتائج آئے، تو کمیشن کو بھی جانبدار قرار دے دیا۔

عدالت کی طرف سے یہ فیصلہ موجودہ کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے بھی ہوسکتا ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ جب پہلے پہل وزیراعظم نے اپوزیشن کے اصرار پر سپریم کورٹ کو کمیشن کے قیام کے لیے خط لکھا تھا، تو چیف جسٹس نے اعتراض لگا کر خط واپس کر دیا تھا۔ جوابی خط میں بھی چیف جسٹس نے لکھا تھا کہ جب تک فریقین تحقیقات کی شرائط پر متفق نہیں ہوجاتے، کمیشن تشکیل نہیں دیا جاسکتا۔

غور سے دیکھا جائے تو جس حکمنامے کو عمران خان اپنی اخلاقی فتح اور چوہدری نثار جمہوریت کی فتح قرار دے رہے ہیں، اس حکمنامے کی صورت میں سپریم کورٹ نے گیند دوبارہ فریقین کے کورٹ میں پھینک دی ہے، یعنی وہی چھے سات ماہ پہلے والی بات ایک مختلف انداز میں کہی گئی ہے۔

یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے غرض سے حکومت اور اپوزیشن کی 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، مگر متعدد اجلاس ہونے کے باجود دونوں فریق متفق نہیں ہوسکے۔ تو آخر اب یہ اتفاق کیسے ہو سکتا ہے؟

ممکن ہے کہ اس بار عدالتی کمیشن کا فیصلہ 2013 کے انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن سے مختلف ہو۔ لیکن عمران خان کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ عدالتی کمیشن کے سامنے تحریک انصاف کو وزیرِ اعظم اور شریف خاندان کو کرپشن میں ملوّث ثابت کرنا پڑے گا، جس کے جواب میں شریف خاندان اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا دفاع کریں گے۔ ایسا نہیں ہوگا کہ اپوزیشن کے پہلے ٹی او آر کے مطابق شریف خاندان خود عدالتی کمیشن کے سامنے اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرے گا۔

اس کے علاوہ اپوزیشن کے دیگر ٹی او آرز کے مطابق شریف خاندان کو ساری تفصیلات رضاکارانہ طور پر عدالتی کمیشن کے سامنے پیش کرنا ہوں گی۔ ایسا کیسے ممکن ہے کہ کوئی کرپشن کرنے والا خود سے بتائے کہ دیکھیں جی، ہمارے پاس تو یہ سب کچھ یہاں سے اور وہاں سے آیا۔

پڑھیے: سرے محل سے پاناما لیکس تک: سیاستدانوں کے نادر بیانات

اس کے علاوہ عمران خان کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ پاناما لیکس میں شریف خاندان کا نام آنے سے یہ تو پتا لگتا ہے کہ شریف خاندان نے اتنی اتنی آف شور کمپنیوں کے ذریعے اتنی اتنی جائیدادیں بنائیں۔ مگر کیا پاناما لیکس اس بات کا ثبوت ہیں کہ جائیدادیں بنانے کے لیے استعمال کیا گیا پیسہ کرپشن کا تھا؟

آف شور کمپنی رکھنا بذاتِ خود غیر قانونی کام نہیں ہے، لہٰذا یہ بات ثابت کرنی ہوگی کہ شریف خاندان منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، اتنا پیسہ حوالہ کے ذریعے اور اتنا ہنڈی کے ذریعے ملک سے باہر بھیجا گیا ہے، ملک سے باہر بھیجا جانے والا پیسہ ان غیر قانونی طریقوں سے کمایا گیا ہے، وغیرہ وغیرہ۔ پاناما پیپرز اس حوالے سے خاموش ہیں۔

اس کرپشن کو ثابت کرنے کے لیے پاناما سے ثبوتوں کے حصول کے لیے لازمی ہے کہ پاناما مطلوبہ ثبوت عدالتی کمیشن کو فراہم کرنے کے لیے رضامند ہو، جو کہ ناممکن ہے۔ اس کی وجہ یہ کہ پاکستان اور پاناما کے درمیان کوئی ایسا معاہدہ نہیں ہے جس کے تحت پاناما مطلوبہ ثبوت پاکستان کے حوالے کرے۔

اب جب ایک معاملے میں اتنی پیچیدگیاں ہوں، مفادات کا اتنا ٹکراؤ، اتنے تضادات ہوں، تو کوئی عمران خان سے یہی پوچھے کہ آخر یہ یومِ تشکر کس بات کا ہے، ٹرک کی ایک اور بتی کا؟

نوید نسیم

بلاگرکا تعلق الیکٹرانک میڈیا سے ہے، مگر وہ اخراجِ جذبات، خیالات و تجزیات کے لیے ذریعہ بلاگ کا استعمال بہتر سمجھتے ہیں۔ انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں۔ : navid_nasim@

[email protected]

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (9) بند ہیں

Imran Nov 02, 2016 02:40pm
100 percent
Sheri Nov 02, 2016 03:37pm
Well said.
Zeeshan Nov 02, 2016 03:39pm
موحترم بلاگر ایک نومبر سے پہلے جو کچھ بھی ہوا وہ حکومت کی ناہلی کی وجہ سے ہوا . حکومت کیوں اتنی ڈری ہوئی تھی ؟ حکومت کو بھی ایک نومبر کا انتظار کرنا چاہیے تھا
مظفر بخاری Nov 02, 2016 03:54pm
سیاسی فوتگی ابتدا اس وقت ہوئی تھی جب دھرنا ماسٹر پچھلی مرتبہ افواج کارکنان کے ساتھ اسلام آباد میں وارد ھوئے تھے اور جس وقت کارکن سڑکوں پہ پڑے تھے اس وقت رہنما اپنی رہائشگاھ کو چلدئے تھے۔ اسے ماہریں نے اسے سیاسی ہارٹ اٹیک قرار دیا تھا مگر اس کے علاج کیلئے فوری طور پر دو سیاسی ڈاکٹر شیخ اور قادری موجود تھے۔ ان کے علاج سے کچھ افاقہ ہوا۔ اب کے جو دھرنے کی بات چلی تو ایک ڈاکٹر تو انتظار کرو اور دیکھو کی حالت میں چلا گیا جب کہ دوسرا آن کال رہا۔ 28 اکتوبر کو جب شیخو پولیس کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہے تھے ٹھیک اسی وقت دھرنا ماسٹر کی بھی آنکھ لگ گئی۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ آنکھ نہیں لگی تھی بلکہ آنسو گیس کا دھواں اور کال کوٹھری کی تنہائی مانع عمل رہی ورنہ وہ گفتار کا غازی ضرور پہنچتا۔ یہ دوسرا ہارٹ اٹیک تھا۔ اسکا ابھی علاج ہی چل رہا تھا کہ اچانک کے پی کی طرف سے بگولے اٹھنے لگے مگر جب آنسو گیس کی ہوا چلی تو بگولے کے پیچھے کچھ بھی نہ بچا۔ ٹھیک اسی وقت تیسرا اور آخری ہارٹ اٹیک ہوا۔ ابھی ڈاکٹروں کو طلب کرنے سوچا ہی جا رہا تھا کہ یکم نومبر کی سہ پہر کو تین بجکر ستائیس منٹ پر رحلت کا اعلان ہوا۔
Sharminda Nov 02, 2016 04:00pm
if it was PPP & PMLN only and not PTI, it was always possible, YOu scratch my back, i scratch yours.
Sharminda Nov 02, 2016 04:21pm
@مظفر بخاری Kia aap ko shareef family kay london kay flats kay baaray main abhi bhi shuba hai? please tanqeed baray tanqeed khatam karain.
نوید نسیم Nov 02, 2016 06:17pm
@Zeeshan اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت کو برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلسہ ہونے دینا چاہیئے تھا۔ مگر عمران خان کو بھی چاہیئے تھا کہ وہ اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں نادیتے۔ یکم نومبر کی سماعت کا انتظار کرلیتے۔
maxud deoka Nov 02, 2016 07:54pm
جب پیسہ باہر گیا ہے اس کی قانونی حیثیت اور اس پر ادا ہونے والے ٹیکس کے ثبوت تو شریف فیملی کو ہی دینے ہونگے، اور یہی وہ جال ہے جس میں نون کا پھنسنا نامشکل ہی نہیں ممکن بھی ہیں!
نوید نسیم Nov 02, 2016 10:37pm
@maxud deoka پہلے یہ تو ثابت کرنا پڑیگا نا کہ پیسا باہر گیا۔ شریف خاندان خود تو نہیں بتائیگا کہ ہم پیسہ باہر لے کرگئے۔ پیسہ باہر لیجانے کا ثبوت عمران خان کو کرنا پڑیگا۔ پھر پانامہ میں جتنے نام ہیں، سب کی تحقیقات ہوتے ہوتے اگلی حکومت کا دور بھی مکمل ہوجائیگا ۔

کارٹون

کارٹون : 8 دسمبر 2024
کارٹون : 7 دسمبر 2024