• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C

الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر رکن سندھ اسمبلی نااہل قرار

شائع December 30, 2016

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد ہالیپوتہ کو نااہل قرار دے دیا۔

بشیر احمد کو رواں سال کے آغاز میں صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر نااہل قرار دیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹائر جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں قائم ای سی پی کے بینچ نے سندھ اسمبلی کی سابق اسپیکر ڈاکٹر فہمیدا مرزا کے بیٹے حسام مرزا کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے نااہلی کا فیصلہ سنایا، بینچ کے دیگر اراکین میں سندھ سے عبدالغفار سومرو، پنجاب سے ریٹائر جسٹس الطاف ابراہیم قریشی اور بلوچستان سے ریٹائر جسٹس شکیل احمد بلوچ شامل تھے۔

یہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی رکن اسمبلی کو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی ہے۔

ماضی میں ای سی پی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لاسکی تھی، جس میں چار مختلف حلقوں کے ریٹرننگ افسران نے خبردار کیے جانے کے باوجود حلقوں میں دورہ کرنے پر عمران خان کو نوٹسسز جاری کیے تھے۔

اسی طرح کا ایک نوٹس ریٹرننگ افسر نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے حمزا شہباز کیلئے بھی جاری کیا تھا تاہم ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

حسام مرزا نے پی پی پی کے رکن اسمبلی پر الزام لگایا تھا کہ انھوں نے بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع بدین میں پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور اپنے حریف اُمیدوار کیلئے مہم چلائی۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے سابق دوست، ساتھی اور پارٹی رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے خاندان کی جانب سے پارٹی کی مخالفت کے بعد بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع بدین سیاست ہل چل کا مرکز رہا اور انھیں انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی۔

یہاں تک کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ضلع بدین کا دورہ بھی انتخابات پر اثر انداز نہ ہوسکا۔

حسام مرزا نے ای سی پی میں پیپلز پارٹی رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے تھے جن میں ویڈیو کلپ اور تصاویر شامل تھیں۔

یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے قوانین رکن صوبائی اور قومی اسمبلی کو پابند کرتے ہیں کہ وہ الیکشن کا شیڈیول اعلان کیے جانے کے بعد اپنے حلقوں میں دورہ نہیں کرسکتے۔

بشیر احمد ہالیپوتہ سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیاتی حکومت اور دہی ترقی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، رہائش اور شہری منصوبہ بندی، کھیل اور نوجوانوں کے امور، آمدنی، زمین کے استعمال، امداد اور بحالی اور اوقاف، مذہبی امور، زکوة و عشر کے رکن تھے۔

اس کے علاوہ وہ ماضی میں 1985، 1988 اور 1990 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

ان کی نا اہلی کے بعد ای سی پی جلد خالی نشست پر انتخاب کا شیڈیول جاری کرے گی۔

یہ رپورٹ 30 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025