کریڈٹ کارڈ کے سائز جتنا موبائل فون

11 جنوری 2017
لائٹ فون — فوٹو بشکریہ نیو لیب
لائٹ فون — فوٹو بشکریہ نیو لیب

کیا آپ ایسا موبائل فون استعمال کریں گے جس کا سائز ایک کریڈٹ کارڈ جتنا ہو؟

اگر ہاں تو لائٹ ہاﺅس نامی یہ ڈیوائس آپ کو ضرور پسند آئے گی مگر ایک مسئلہ ہے کہ یہ اینٹی اسمارٹ فون ڈیوائس ہے۔

جی ہاں اس فون سے صرف کالز کرنے اور موصول کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا جاسکتا۔

یہاں تک کہ ایس ایم ایس بھی نہیں، انٹرنیٹ پر کنکٹ ہونے کا تو سوال ہی نہیں پیدا نہیں ہوتا، جبکہ یہ کیمرے سے بھی محروم ہے۔

امریکی کمپنی نیو لیب نے اسے تیار کیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کو ڈیزائن کرنے کا مقصد ہر ممکن حد تک موبائل فون کا استعمال کم کرنا ہے۔

کمپنی کے بقول اسے اسمارٹ فون کی لت سے نجات دلانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس کمپنی کا مشن ہی انسانی آواز کو ٹیکنالوجی کی موجودہ دنیا سے آزاد کرانا اور لائٹ فون کے ذریعے لوگوں کو اسمارٹ فونز سے دور کرنا ہے۔

ویسے یہ فون اپنے مہنگے اسمارٹ فونز کو گھر میں رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ ان پر وہی نمبر ایکٹو ہوتا ہے جوآپ کے نام ہوتا ہے جس کے لیے لائٹ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔

چونکہ اس میں کوئی ڈیجیٹل اسکرین نہیں، اسی لیے اس کا حجم بھی ایک کریڈٹ کارٹ جتنا ہی ہے مگر یہ بہت زیادہ پتلا بھی ہے۔

فون میں ایل ای ڈی انٹرفیس ہے اور یہ مکمل طور پر ٹچ اسکرین ہے مگر ٹاپ اور بائیں جانب بٹن دیئے گئے ہیں۔

لائٹ فون کی قیمت ڈیڑھ سو ڈالرز رکھی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں