• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C

پی ٹی آئی کی ایک اور تحریک، جلسوں کا اعلان

شائع January 15, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاناما اسکینڈل معاملے پر عوامی رابطہ مہم ایک بار پھر شروع کرنے کے سلسلے میں رواں ماہ کے آخر میں مزید 2 بڑے عوامی جلسے کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 22 جنوری کو پنجاب کے شہر قصور اور 29 جنوری کو ساہیوال میں ہونے والے عوامی جلسوں سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب کریں گے۔

عمران خان 15 جنوری اتوار کے دن پنجاب کے ہی شہر ڈیرہ غازی خان میں خطاب کریں گے، جب کہ اس سے پہلے 8 جنوری کو وہ بہاول پور میں جلسے سے خطاب کر چکے ہیں۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت پاناما کیس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) پر دباؤ بڑھانے کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’تحریک انصاف کے نئے شواہد جھوٹے اور غیر مصدقہ‘

جہانگرین ترین کے مطابق ساہیوال جلسے کے بعد تحریک انصاف اپنی رفتار مزید تیز کردے گی، سال 2017 تبدیلی کا سال اور مستقبل پاکستان کا ہوگا، جب کہ مسلم لیگ(ن)کے جھوٹے ٹولے کو 18 کروڑ عوام کی قیادت کرنے کا کوئی حق نہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان کی لندن میں جائداد سے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ سچ پر مبنی ہے، اب نواز شریف کا اقتدار سے چپٹے رہنے کا کوئی جواز نہیں اور قوم کی امنگوں کے مطابق احتساب آخری راستہ ہے۔

دریں اثناء تحریک انصاف کی جانب سے جاری کی گئی ایک اور پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین عمران خان نے عوام میں بنیادی، جمہوری اور قانونی حقوق کا شعور بیدار کرنے کے لیے’حق کی بات سب کے ساتھ‘عنوان کے تحت ملک گیر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی پر عدالت پر اثرانداز ہونے کا الزام

مہم کے دوران حکومت کے غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدامات کو سامنے لایا جائے گا، جب کہ پارٹی کی جانب سے تیار کی گئی ایک ڈاکیومنٹری فلم کو بھی مہم کے دوران سوشل میڈیا پر پیش کیا جائے گا۔

مہم کے اندرون و بیرون ملک تشہیر کی ذمہ داری سینیئر پارٹی رہنما عندلیب عباس اور اس کی ٹیم کو سونپی گئی ہے۔

پاناما پیپرز اسکینڈل پر عوامی رابطے کی مہم شروع کرنے کی منظوری گزشتہ ماہ تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی کی کمیٹی نے دی تھی۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اس مہم کو صرف پنجاب اور خاص طور پر ان علاقوں تک محدود رکھنا چاہتی ہے جن علاقوں کو مسلم لیگ(ن)کا گڑہ تصور کیا جاتا ہے۔


یہ خبر 15 جنوری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025