دیا علی 'ماڈل آف دی ایئر' بننے کی خواہشمند

31 جنوری 2017
دیا علی جلد فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی — فوٹو/ ڈان
دیا علی جلد فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی — فوٹو/ ڈان

پاکستانی ماڈل اور اداکارہ دیا علی رواں سال دبئی میں منعقد ہونے والے مقابلے 'ماڈل آف دی ایئر' میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

ڈان کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں دیا علی نے بتایا کہ مارچ میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں 50 ممالک سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں حصہ لیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں مس ورلڈ مقابلے میں بھی حصہ لوں گی جو بیلجئیم میں رواں سال جولائی میں منعقد کیا جائے گا'۔

دیا علی نے دعویٰ کیا کہ وہ واجد پاکستانی لڑکی ہیں جنہیں مس ایشیا پیسیفک انٹرنیشنل 2016 کے مقابلے میں 'مس پرپچیول' (کبھی نہ تبدیل ہونے والی) لڑکی کا ٹائٹل دیا گیا تھا، یہ مقابلہ گزشتہ سال نومبر میں فلپائن میں منعقد کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل آف دی ایئر بننے کے لیے انہوں نے بےحد محنت کی اور پاکستانی لڑکیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی ضرور کرنی چاہیے، تاکہ ملک کی مثبت شکل پیش کی جاسکے۔

مس ایشیا پیسیفک مقابلے میں شرکت کے اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے دیا علی نے کہا کہ 'یہ کافی چیلنجنگ تھا، ایک پاکستانی لڑکی اور پہلی مرتبہ اس مقابلے میں منتخب ہونے کے باعث مجھے یہ اپنے لیے بڑی کامیابی محسوس ہورہی تھی'۔

مزید پڑھیں: دیا علی مس ورلڈ بننے کیلئے پُر امید

دیا علی کے مطابق اس قسم کے فیشن سے تعلق رکھنے والے مقابلے بہت بڑا پلیٹ فارم ہیں، کیوں کہ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

جب دیا علی سے سوال کیا گیا کہ مس ایشیا پیسیفک میں شرکت کرنے والی خواتین میں کیا خصوصیات ہونی چاہئیں، تو ان کا کہنا تھا کہ ان ماڈلز کو تعلیم یافتہ، پر اعتماد اور بہادر ہونا چاہیے۔

دیا علی نے مزید بتایا کہ انہوں نے سہیل اور سونیا پروڈکشنز کے ساتھ ایک فلم سائن کرکے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے، جس کی شوٹنگ بیرون ملک میں کی جائے گی۔

انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز مارننگ شو 'گڈ مارننگ مانچسٹر' کی میزبانی کے ساتھ شروع کردیا ہے، جسے مانچسٹر ڈیجیٹل ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

دیا علی نے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے، وہ متعدد ٹی وی ڈراموں جیسے کہ 'بے درو دیوار گھر'، 'حیا کا دامن' اور 'مور محل' میں اداکاری کرچکی ہیں، ان کا ڈرامہ 'شہرِ ناز' اس وقت نشر کیا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں