کراچی : 'بچوں نے فلائی اوور کا افتتاح کردیا'
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر تعمیر ہونے والا فلائی اوور کچھ دیر تک کھلے رہنے کے بعد دوبارہ بند کردیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا افتتاح کسی اعلیٰ عہدے دار نے نہیں بلکہ بچوں نے خود ہی کردیا تھا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقامی لوگوں کو ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ کورنگی کراسنگ پُل کا افتتاح اتوار 12 فروری کو ہوگا جبکہ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے تقریب کی تیاریاں بھی مکمل کرلی تھیں اور فیتے وغیرہ بھی لگادیے گئے تھے۔
لیکن جب افتتاح کے لیے کوئی بڑا نہ پہنچا تو شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور انھوں نے بچوں سے ہی افتتاح کرواکر پل پر گاڑیاں دوڑا دیں۔
کورنگی پل کی افتتاحی تقریب میں حکومتی شخصیات کے نہ پہنچنے پر شہریوں نے صبرکا دامن چھوڑ دیا اور بچوں نے خود ہی فیتہ کاٹ کر کورنگی کراسنگ پل کا افتتاح کردیا۔
بچوں کی جانب سے فیتہ کاٹے جانے کے بعد کورنگی کراسنگ پُل پر موٹرسائیکلیں اور کاریں دوڑنے لگیں۔
فلائی اوور پر افتتاح کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام کی تختی لگائی گئی ہے تاہم ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ فلائی اوور کے افتتاح کے حوالے سے تاریخ طے نہیں کی گئی۔
دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر کا بھی یہ کہنا ہے کہ انہیں معلوم ہوا تھا کہ فلائی اوور کا افتتاح ہونا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔
میڈیا پر فلائی اوور کھل جانے کی خبر چلنے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی اور فلائی اوور کو دوبارہ بند کردیا گیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے فلائی اوور کے دوبارہ افتتاح کے حوالے سے کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
واضح رہے کہ کورنگی کراسنگ پل 14 ماہ میں مکمل کیاگیا جس پر تقریباً87 کروڑ 20 لاکھ روپے روپے لاگت آئی۔
کورنگی کراسنگ فلائی اوور کی تعمیر 22 نومبر 2015 کو شروع کی گئی تھی اور اسے 14 ماہ میں مکمل کیاگیا۔
فلائی اوور کے لیول ون کی لمبائی 432 میٹر جبکہ لیول 2 کی لمبائی753میٹر ہے۔










لائیو ٹی وی