بیوی: پپو پاس ہو گیا۔

شوہر: واقعی؟

ہاں۔ دیکھو وہ جیسے ہی اسکول سے آئے تو تم اسے مبارکباد دینا۔

مگر تمہیں کیسے پتہ چلا؟

کیا کیسے پتہ چلا بھئی؟

کہ پپو پاس ہو گیا ہے۔

میرے پاس اس کا رپورٹ کارڈ ہے۔ یہ دیکھو۔

اوہ۔ تمہیں یقین ہے کہ یہ اسی کا ہی رپورٹ کارڈ ہے؟

کیا مطلب ہے تمہارا؟ بالکل یہ اسی کا ہے۔ اس کا نام ہے اس پر۔ اور اس کی ٹیچر ہی نے مجھے یہ دیا ہے۔

اوہ۔ تمہیں یقین ہے کہ وہ اس کی ہی ٹیچر تھی؟

ہاں بھئی وہ اس کی ہی ٹیچر تھی۔

اوہ۔ میں اس کے اسکول کا لوگو دیکھ رہا ہوں، اگر تم تھوڑا غور کرو تو تمہیں اس میں تکون کے اندر ایک آنکھ دکھائی دے گی۔ دیکھو۔

مجھے تو اس میں صرف و صرف ایک قلم، ایک ہاتھ اور ایک پھول ہی نظر آ رہا ہے۔

تھوڑا دھیان سے دیکھو بھئی۔

میں نہ اس لوگو میں آنکھ دیکھ سکتی ہوں اور نہ ہی تکون۔

کچھ عرصے سے پپو کا رویہ عجیب و غریب سا نہیں لگتا تمہیں؟

نہیں۔ اس کا رویہ ویسا ہی ہے جیسا کسی بھی 8 سالہ بچے کا ہوتا ہے۔

وہ 8 برس کا ہے؟

ہاں! تمہیں تو معلوم ہونا چاہیے۔ تم تو باپ ہو اس کے!

میں ہی ہوں؟

اُف، اب خدا کے واسطے کم از کم اپنے ہی بیٹے کو لے کر ایسی سرپھری باتیں مت کرو!

سچ کے متلاشیوں اور سچ بولنے والوں کو شروع میں اکثر پاگل کا ہی لیبل دیا جاتا ہے مگر ۔ ۔ ۔

حق و سچ کے متلاشی سچ کو یوٹیوب پر موجود احمقانہ ڈاکیومینٹریز میں تلاش نہیں کرتے۔

تمہیں تو بس مجھے نیچا دکھانا ہوتا ہے۔ کوئی تعجب نہیں کہ تمہیں اسکول کے لوگو میں آنکھ اور تکون کیوں نہیں دکھائی دیتے۔

اس میں کوئی آنکھ یا تکون نہیں ہے۔ اور چلو اگر ہوتا بھی کیا ہو جاتا؟

ہاں دیکھا! تمہیں اس میں آنکھ تکون ضرور نظر آئیں ہیں!

نہیں مجھے نظر نہیں آئے۔

اچھا! دیکھو اب تم اپنی ہی بات سے مکر رہی ہو۔

ارے میں نے تو صرف یہ کہا کہ اگر ایسا ہوتا تو کیا ہو جاتا؟

ہاں ہاں!

چپ کرو۔

دیکھا، تم ہمیشہ مجھے نیچا دکھاتی ہو۔

بھلے ہی لوگو کے پس منظر میں آنکھ، تکون یا اڑتا ہوا چوہا ہو، مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ یہ ایک اچھا اسکول ہے۔

اوہ۔ تمہیں کیسے پتہ کہ یہ ایک اسکول ہے؟

کیا؟

میرا مطلب ہے کہ ایک ایسی بھی جگہ ہو سکتی ہے جہاں وہ اپنے ملک، ایمان اور ثقافت سے نفرت پیدا کرنے کے لیے بچوں کی برین واشنگ کرتے ہوں۔

تم نے ہی تو اسے ڈالا تھا وہاں۔

میں نے ڈالا تھا؟

درحقیقت تم نے نہیں بلکہ الیومیناٹی نے ڈالا تھا۔

ہاں یہ بات!

اب تو تم نے وہ بات سن لی ہے جو تم سننا چاہتے تھے، اب تم کیا تھوڑی دیر کے لیے ٹوئٹر اور فیس بک کو چھوڑ کر اپنے بیٹے کو برین واشنگ سینٹر سے لانے کی تکلیف کر سکتے ہیں؟ وہ بہت بھوکا ہوگا۔

ہمیں اسے کسی باقاعدہ اسکول میں ڈالنا چاہیے۔ مگر کیا کوئی باقاعدہ اسکولز باقی بچے بھی ہیں؟

تم واقعی مذاق ہی کر رہے ہو نا؟

زندگی ایک مذاق نہیں ہے۔

یہ تو بڑی گہری بات کہی۔ تم کون سے اسکول سے پڑھے تھے؟

شکریہ۔ تمہیں پتہ تو ہے کہ میں کون سے اسکول سے پڑھا تھا۔

ہاں۔ اسی سے جہاں اب تمہارا بیٹا پڑھ رہا ہے۔ وہی جس کے لوگو میں ایک آنکھ اور آٹھ کونے ہیں۔

تکون۔

ہاں وہی۔ تو کیا تم بھی برین واش ہوئے تھا یا نہیں؟

نہیں۔ ان دنوں میں یہ ایک باقاعدہ اسکول تھا۔ یہ اسکول تب سے بدلنا شروع ہوا جب سے امریکیوں نے اس کی مالی امداد کرنا شروع کی۔

وہ مالی امداد کر رہے ہیں؟

بالکل! تم نے دیکھا نہیں کہ اس کے رپورٹ کارڈ میں اس کی ٹیچر نے امریکن انگلش کا استعمال کیا ہے؟

نہیں۔ درحقیقت یہ برٹش انگلش ہی استعمال کرتے ہیں۔ میں جانتی ہوں کیوں کہ میں اس کے ہوم ورک میں اس کی مدد کرتی ہوں۔

برٹش انگلش تو اور بھی بدتر ہے!

تو تم بتاؤ، پھر کون سی انگلش استعمال ہونی چاہیے؟

کوئی بھی نہیں۔

اوو، تو تم کیا اسے اس کی ماں بولی میں تعلیم دلوانا چاہتے ہو؟

ہاں۔ عربی۔

یہ تو ہماری زبان نہیں ہے!

ہمیں تو یہی بتایا گیا ہے۔

نہیں ایسا نہیں ہے۔ اردو ہماری قومی زبان ہے۔ پھر ہمارے پاس علاقائی زبانیں ہیں اور پھر انگلش ہے۔ ہاں اگر کوئی عربی سیکھنا چاہتا تو بھلے سیکھے مگر ۔ ۔ ۔

اہلاً و سہلاً مرحبا مرحبا ۔ ۔ ۔ !

یہ کیا تھا؟

یہ ہماری ماں بولی ہے۔

اچھا۔ تو اس کا مطلب کیا ہے؟

اس کا مطلب یہ ہے کہ ’آنکھ اور تکون کو ختم کرنے انقلاب آ رہا ہے۔’

اوہ۔ اچھا یہ تو بتاؤ کہ عربی میں یہ کیسے کہیں گے کہ ’مہربانی کر کے اپنے بیٹے کو اسکول سے لے آؤ؟’

اہلاً و سہلاً مرحبا مرحبا مرحبا ۔ ۔ ۔ !

تم تو دوبارہ وہی جملہ بول رہے ہو۔

دیکھا تم ہمیشہ مجھے نیچا دکھاتی ہو۔ ہمیشہ سچ سے بھاگتی ہو۔

لگتا ہے کہ اسے لینے مجھے خود ہی جانا پڑے گا۔

ہاں، مہربانی کرو۔ مجھے بہت کام کرنا ہے۔

جیسا کہ؟ یہاں بیٹھ کر ٹوئٹر اور فیس بک پر لمبی چوڑی تقاریر پوسٹ کرنا؟ پھر بطور ایک مہمان مختلف احمقانہ ٹی وی چینلز کا دورہ کرنا اور بھر عقل سے پیدل باتیں کرنا؟

یہ عقل سے پیدل کی بات نہیں ہے، میں ایک منتبہ کرنے والا شخص ہوں۔ میں اپنے ہم وطنوں کو ان تمام سازشوں سے خبردار کرتا ہوں جو ہمارے وطن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔

مگر تمہیں تو اس کے پیسے بھی نہیں ملتے!

تم نے کبھی یوٹیوب پر میری ویڈیوز پر ’لائیکس’ کی تعداد دیکھی ہے؟

’لائیکس’؟ ان لائیکس سے یہ کمپیوٹر نہیں آیا۔ یہ میں نے لیا تھا اپنے بچائے ہوئے پیسوں سے۔ یہاں تک کہ تمہارے کپڑے، اس مکان کا کرایہ، اسکول فیس بھی ۔۔۔

بہت ہوا! اہلاً و سہلاً مرحبا مرحبا ۔ ۔ ۔ !

آخر تمہارے ساتھ مسئلہ کیا ہے بھئی؟ تم واقعی پاگل ہو چکے ہو۔

چٹاخ پٹاخ!

یہ تمہاری مجال؟ تم نے مجھے تھپڑ کیوں مارا؟ یہ تم کیا کر رہی ہو؟ ارے ارے میرا کمپیوٹر نیچے مت پھینکنا، رکو! رکو!

دھڑام

یہ تم نے کیا کر دیا؟ اب میں کیا کروں گا؟

تم اب بیٹھ کر اہلاً و سہلاً مرحبا مرحبا کرنا!


نوٹ: یہ ایک طنزیہ مضمون ہے۔


انگلش میں پڑھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

zulfiqar Mar 04, 2017 01:55pm
ha ha ha you naild O M J.... yay sirf aik by mani ilfaz hain sanjeeda na lia jaay