راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کہتیرا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کنٹرول لائن کے قریب واقع گاؤں ٹھنڈی کسّی کی رہائشی 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاک فوج نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، بزرگ اور بچی زخمی

علاوہ ازیں مظفرآباد سے نمائندہ ڈان کے مطابق ہفتے کے روز صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب بھارتی فورسز نے ایل او سی کے قریب گوئی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 65 سالہ منڈی خان زخمی ہوگیا۔

ضلع کوٹری کے سینیئر سپریٹنڈںٹ آف پولیس چوہدری ذوالقرنین نے بتایا کہ منڈی خان گاؤں کتھر میں واقع اپنے گاؤں میں گھر کے باہر کھڑا تھا جب بھارتی فورسز کے اسنائپر نے اسے نشانہ بنایا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ مارٹر گولوں کے علاوہ بھارت کی جانب سے اسنائپرز کے ذریعے بھی عام شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'منڈی خان کو ٹانگ میں گولی لگی جس کے نتیجے میں زخمی ہوگیا۔

خیال رہے کہ 12 مارچ کو بھی بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں گاوَں چفہ کا رہائشی 60 سالہ بزرگ اور ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی تھی۔

9 مارچ کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون زخمی ہوئی تھیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔

14 فروری کو بھی لائن آف کنٹرول پر تھوب سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کےنتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔


تبصرے (0) بند ہیں