'کے پی میں احتساب کمیشن کا چیئرمین مقرر کیوں نہیں ہوسکا؟'

22 مارچ 2017
دانیال عزیز اور مصدق ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی — فوٹو: ڈان نیوز
دانیال عزیز اور مصدق ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 90دن میں خیبر پختونخوا میں بد عنوانی کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا، تاہم آج تک خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا چیئرمین تک مقرر نہ کیا جاسکا۔

دانیال عزیز کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم عدالت کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو پاکستان میں 'اوئے' کلچر متعارف کروانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان سیاسی جماعتوں کو برا بھلا کہنے کی عادت بدلیں اور جھوٹ کہنا چھوڑیں۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ بیشتر مواقع پر پی ٹی آئی سربراہ نے جس کام پر دوسروں کو برا بھلا کہا خود ہی وہ کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان نجم سیٹھی کو 35 پنکچر پکارتے تھے، تاہم اس جھوٹ پر 46 دفعہ عدالت نے انہیں طلب کیا جبکہ عمران خان 46 دفعہ پیش نہیں ہوئے، لیکن جب انہیں اس بات کا احساس دلایا جائے تو کہتے ہیں بلیک میل کررہے ہیں'۔

پی ٹی آئی کو مبینہ طور پر ملنے والی بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ یو ایس جسٹس کی ویب سائٹ میں پی ٹی آئی کو سرچ کیا جائے تو پی ٹی آئی ایل ایل سی ٹیکساس اور پی ٹی آئی ایل ایل سی کیلی فورنیا کی دو کمپنیاں سامنے آتی ہیں، اور ان دونوں کمپنیوں کا منشور یہ ہے کہ وہ امریکا سے پیسے جمع کرکے پاکستان بھیجیں، جبکہ اس پر عمران خان کے دستخط بھی موجود ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ چند سال قبل قانون شہادت میں ترامیم کے بعد یہ طے ہوچکا ہے کہ الیکٹرانک شواہد بھی عدالت میں پیش کیے جاسکتے ہیں۔

ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کے آرڈر کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس آرڈر کے تحت سیاسی جماعتوں کو بیرونی امداد حاصل ہونا سنگین جرم ہے اور پارٹی تحلیل کی جاسکتی ہے۔

دانیال عزیز کے مطابق اسی بیرونی امداد کے کیس میں آج عمران خان کی تاریخ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں الیکشن کمیشن (ای سی پی) عمران خان کو پہلے ہی 'غلیظ' اور 'غیر تہذیب یافتہ' کہہ چکی ہے، یہ بھی کہہ چکی ہے آپ آئینی اداروں کی تذلیل کررہے ہیں۔

دانیال عزیز کے مطابق عمران خان کی وجہ سے ایوان میں بیٹھے کسی فرد کو اس طرح کے القابات سے نوازا گیا اور یہ ہی ان کا نیا پاکستان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کام احتساب کرنا ، انہیں بھی احتساب کے لیے پکڑ پکڑ کر لائیں گے، جبکہ عمران خان کا فارمولا ہے کہ ٹی وی پر تسلسل سے جھوٹ بولو اور عدالت بلائے تو بھاگ جاؤ۔

دانیال عزیز نے مزید کہا کہ جہاں عمران خان سے جواب مانگا جاتا ہے وہاں یہ غائب ہوجاتے ہیں، چاہے لاہور کی عدالت ہو، سپریم کورٹ یا پھر ای سی پی، نواز شریف سے 50 سال کا ریکارڈ مانگ رہے خود ڈھائی تین سال کی تفصیلات پیش کرنے کو تیار نہیں۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ان کی آج کی پریس کانفرنس کا مقصد یہ ہی ہے کہ میڈیا نمائندگان کو پی ٹی آئی سے متعلق آگاہ کیا جاسکے۔

ساتھ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ میڈیا عمران خان اور کے پی حکومت سے پوچھے کہ آج تک خیبر پختونخوا احتساب کمیشن کا چیئرمین کیوں مقرر نہ کیا جاسکا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں