اسپیشل ونٹر اولمپکس: 16 تمغے پاکستان کے نام

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2017
کھیلوں میں 105 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس شریک تھے—فوٹو: اسپیشل اولمپکس ویب سائٹ
کھیلوں میں 105 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس شریک تھے—فوٹو: اسپیشل اولمپکس ویب سائٹ

گراز : آسٹریا میں جاری اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے 3 سونے کے تمغوں سمیت 16 تمغے اپنے نام کرلیے۔

خیال رہے کہ آسٹریا میں 14 مارچ سے 25 مارچ کے دوران جاری رہنے والے اسپیشل اولمپکس میں 105 ممالک کے اسپیشل ایتھلیٹس نے شرکت کی، جن میں پاکستان کا دستہ بھی شامل تھا۔

مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے پاکستانی اتھلیٹس نے مجموعی طور پر 16 تمغے حاصل کیے جن میں سونے کے 3،چاندی کے 7 اور کانسی کے 6 تمغے شامل تھے۔

ایتھلیٹ حذیفہ قاضی نے سنو شو ریس میں سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ صباحت طارق نے خواتین کی 100میٹر اسپرنٹ میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان پر 'اسپیشل' کھلاڑیوں کا قوم کو تحفہ

پاکستان کی خواتین سنو شوئنگ ٹیم نے چار ضرب چار دو میٹر ریلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے لیے تیسرا گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ اس ریس میں مردوں کی ٹیم چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

—فوٹو بشکریہ: اسپیشل اولمپکس ویب سائٹ
—فوٹو بشکریہ: اسپیشل اولمپکس ویب سائٹ

دیگر فاتح ایتھلیٹس میں 200 میٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے حمزہ اسلم اور فرح احسن، 100 میٹر اسپرنٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے پرویز احمد، تائی کوانڈو میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والی فاطمہ عامر، تائی کوانڈو میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے محمد عبداللہ شامل ہیں۔

چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے دیگر ایتھلیٹس میں اسامہ عزیز اور محمد حمزہ جبکہ کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والوں میں مہوش طفیل، تہمینہ اور محمد حمزہ شامل ہیں۔

رنگا رنگ اختتامی تقریب کے بعد آسٹریا کے شہر گراز میں موجود پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس کا دستہ وطن واپس روانہ ہوگیا۔

پاکستانی دستے کے سربراہ انیس الرحمٰن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 'پاکستان کے اسپیشل اتھلیٹس خوشگوار یادیں لیے وطن واپس جارہے ہیں۔'

مزید پڑھیں: اسپیشل ونٹر اولمپکس: پاکستان نے 11 میڈلز جیت لیے

انہوں نے کہا کہ ونٹر ورلڈ گیمز نے کھلاڑیوں کو ایک نیا عزم اور ولولہ دیا ہے۔

فاتحین کے لیے انعام کا اعلان

پشاور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں میڈل حاصل کرنے والے تمام پاکستانی ایتھلیٹس کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسپیشل اولمپکس کے فاتحین کو نیشنل چیمپئن قرار دیتے ہوئے جاوید آفریدی نے انعام کا اعلان کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں