شکست کے باوجود مصباح ٹیم کی تعمیر نو کیلئے پرعزم
لاہور: لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں ناکامی کا مقصد ہرگز اختتام نہیں اور ہم اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے 2015 کے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیار کریں گے۔
لندن سے وطن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہار کا مطلب ہرگز کرکٹ کا خاتمہ نہیں، ہم آئندہ دو سال کے دوران اچھے کھلاڑیوں پر کام کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیار کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں اپنے تینوں میچز ہارنے کے بعد بدترین ناکامی سے دوچار کر ایونٹ سے باہر ہو گئی جہاں کپتان مصباح الحق کے علاوہ بقیہ تمام ٹاپ آرڈر کے بلے باز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
انگلینڈ میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کپتان نے 173 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ نے 38، عمران فرحت نے چار، شعیب ملک نے 25، کامران اکمل نے 23 اور اسد شفیق نے 41 رنز بنائے۔
مصباح نے رواں ماہ ویسٹ انڈیز کے 5 ایک روزہ اور 2 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لئے بھی ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا-
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بیٹھ کر تجزیہ کرنا ہو گا اور یہ دیکھنا ہو گا کہ ہمیں کہاں کہاں تبدیلیوں کی ضرورت ہے اور مستقبل کے لئے وہ کون سے کھلاڑی ہیں جنہیں ہم نے تیار کرنا ہے- گیانا میں 14 جولائی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لئے مصباح ہی کپتان ہوں گے-
مصباح نے شکست کے بعد ٹیم میں قسی بھی قسم کے تنازع یا اختلاف کی خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ "جب بھی ٹیم ہارتی ہے، اس قسم کی منفی باتیں دہرائی جاتی ہیں لیکن ٹیم میں کوئی اختلاف نہیں کیونکہ یہ سب وہی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ماضی قریب میں اچھی کارکردگی کا بھی مظاہرہ کیا تھا-" اس ہار کے بعد مصباح کی کپتانی میں پاکستان کی پچھلی 5 ون ڈے سیریز میں یہ چوتھی شکست ہے-
مصباح کا یہ بھی کہنا تھا کہ بحیثیت کپتان اور ایک کرکٹر انھیں پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی سے "شدید مایوسی" ہوئی ہے-
طالبان اور القاعدہ کی طرف سے مارچ سنہ 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی بس پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد، پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیمز کے آنے سے انکار کو لے کر مصباح کا کہنا تھا کہ "ہم اپنی تمام انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان سے باہر کھیل رہے ہیں اور ہمیں اور ہماری خراب کارکردگی کی ایک وجہ یہ بھی ہے-"
لیکن ساتھ ہی مصباح کا کہنا کہ بیٹس منوں کو اپنا میعار بہتر کرنا ہو گا- انہوں نے کہا کہ "انگلینڈ میں کنڈیشنز سخت تھیں اور ہمارے بیٹس مین ان حالات کا مقابلہ نہیں کر سکے لیکن ہمیں اس خرابی اور کمزوری کا جلد از جلد کوئی حل ڈھونڈنا ہو گا-"
خیال کیا جارہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آسٹریلین کوچ ٹرینٹ ووڈہل کے چیمپئنز ٹرافی میں ناکام تجربے کے بعد سابق کپتان انضمام الحق کو بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر تعینات کیا جائے گا-
مصباح کا کہنا تھا کہ وہ سلیکٹرز کے ساتھ بیٹھ کر دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم کو حتمی شکل دن گے- دورے کے لئے ٹیم کا اعلان بڑھ کے روز متوقع ہے-