• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C

4 برس میں تیسرا وفاقی سیکریٹری داخلہ تبدیل

شائع April 5, 2017

اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے طارق محمود خان کو عبوری طورپر ذمہ داری سونپ دی۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ عارف احمد خان کے وزیر داخلہ سے اختلافات تھے جو ان کے عہدے سے منتقلی کی وجہ بنے۔

ذرائع کے مطابق 31 مارچ کو وزیر داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں معاملہ خراب ہوا تھا۔

اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ وزیرداخلہ حال ہی میں ملائیشیا کے فوجی وفد کو ائیرپورٹ پر لینڈنگ کا اجازت نامہ (72 گھنٹوں کا فوری ویزا) جاری کرنے پر مشتعل تھے۔

تاہم عارف احمد خان کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے پر وزارت داخلہ کے ایک اور ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے صحت کے مسائل کے پیش نظر رخصت لی۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ایک روز قبل ہی میڈیا کو بتایا تھا کہ عارف احمد خان ایک ماہ کی چھٹیوں پر جا رہے ہیں، جن کی جگہ طارق محمود خان کو قائم مقام سیکریٹری مقرر کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے یہ عندیہ بھی دیا تھا کہ اگر طارق محمود کی کارکردگی بہترین رہی تو انھیں مستقل سیکرٹری کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب سبکدوش ہونے والے سیکرٹری داخلہ سے رابطہ کرنے پر عارف احمد خان نے کہا کہ ذاتی وجوہات کے باعث ایک ماہ کی چھٹی کی درخواست وزیر داخلہ کے ذریعے وزیراعظم کو بھجوادی تھی۔

مزید پڑھیں:سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے درخواست میں واضح کیا کہ وہ کراچی جارہے ہیں اور اس عہدے پر کام جاری نہیں رکھ سکتے اس لیے واپسی پر ان کا دوسرے ادارے میں تبادلہ کیا جائے جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا۔

یاد رہے کہ عارف احمد خان موجودہ حکومت کے دور میں 2013 سے تاحال تبدیل ہونے والے تیسرے سیکریٹری داخلہ ہیں، 2013 میں قمرزمان چوہدری سیکریٹری داخلہ تھے جنھیں اکتوبر 2013 میں قومی احتساب بیورو (نیب) کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔

شاہد خان کو قمر زمان چوہدری کی جگہ سیکریٹری داخلہ بنایا گیا تھا جنھوں نے فروری 2016 تک ذمہ داری نبھائی جس کے بعد انھیں صدارتی سیکریٹریٹ میں سیکریٹری مقرر کیا گیا۔

عارف احمد خان کو گزشتہ سال دوسرے ادارے سے تبدیل کرکے سیکرٹری داخلہ مقرر کیا گیا اور شعیب احمد صدیقی کو خصوصی سیکریٹری تعینات کیا گیا تاہم چند ماہ بعد سفیر محمد صادق کی ریٹائرمنٹ کے بعد شعیب احمد صدیقی کو نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کا سیکریٹری بنا دیا گیا تھا۔


یہ خبر 5 اپریل 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025