بولی وڈ اداکار عامر خان ہمیشہ ہی اپنی فلموں کے ذریعے ایک سماجی پیغام ضرور دیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں عامر خان کو ان کی شاندار پرفارمنس اور بہترین فلموں کے باعث مسٹر پرفیکٹشنسٹ کا نام دیا جاتا ہے۔

اور اب عامر خان نے اپنے ایک اشتہار میں بھی شائقین کو ایک خوبصورت پیغام دیا۔

عامر خان نے ہندوستان چینل اسٹار پلس کے لیے ایک اشتہار بنایا جس میں معاشرے میں بیٹوں اور بیٹیوں کو برابر سمجھنے کا پیغام دیا گیا ہے۔

اس اشتہار میں عامر خان نے گردیپ سنگھ نامی سکھ آدمی کا روپ اپنایا جن کی مٹھائی کی دکان کی نئے سرے سے مرمت جاری ہے، کاروبار بہتر چلنے پر جب ایک گاہک نے ان کی تعریف کی تو عامر خان نے کہا 'یہ سب بچوں کا کمال ہے، انہوں نے انٹرنیٹ پر میرا بزنس آگے بڑھایا'۔

مزید پڑھیں: عامر کی ’دنگل‘ بااختیار خواتین کی کہانی

اس پر گاہک نے کہا 'بڑے قابل ہوگئے ہیں آپ کے بیٹے'، جس پر عامر خان کا کہنا تھا کہ 'بیٹے نہیں بیٹیاں'۔

عامر خان کے اس اشتہار کو اسٹار پلس نے 'کامیابی صرف سوچ دیکھتی ہے' کا نام دیا۔

اشتہار میں دکھایا گیا کہ عامر خان کی دکان کا نام 'گردیپ سنگھ اینڈ ڈوٹرز' (گردیپ سنگھ اور ان کی بیٹیاں) رکھا گیا۔

خیال رہے کہ عامر خان کی آخری ریلیز فلم 'دنگل' میں بھی بیٹوں اور بیٹیوں کو برابر سمجھنے کا پیغام دیا گیا تھا، اس فلم میں عامر خان نے مہاویر سنگھ پھوگٹ کا کردار ادا کیا، جو پہلوان تھے، انہوں نے ہندوستان میں گولڈ میڈل لانے کے لیے اپنی بیٹیوں کو کشتی سکھائی اور انہیں آگے بڑھایا۔

فلم 'دنگل' نے دنیا بھر میں شاندار بزنس کیا۔

تبصرے (2) بند ہیں

Neelofer Apr 06, 2017 12:47pm
V much heart touching message! Feel good after watching it.
irfan Apr 06, 2017 02:09pm
Thank you amir