لندن: نومولود بچوں کا رونا کوئی نئی بات نہیں، اور تقریبا دنیا کے تمام ممالک کے سارے بچے ہی روتے ہیں، مگر کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جہاں بچے زیادہ روتے ہیں، اور والدین کو پریشان کردیتے ہیں۔

نومولود بچوں کے رونے پر کی جانے والی ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ برطانیہ اور کینیڈا کے بچے امریکیوں سے زیادہ روتے ہیں۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف واروک کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سب سے زیادہ برطانیہ کے بچے روتے ہیں۔

زیادہ رونے والے بچوں کے ممالک میں دوسرے نمبر پر کینیڈا، تیسرے پر اٹلی اور چوتھے نمبر پر نیدرلینڈ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بچے رُلانے کا مقابلہ

ان ممالک کے بچے نہ صرف زیادہ روتے ہیں، بلکہ ان کا رونا دوسروں میں چڑچڑاہٹ بھی پیدا کردیتا ہے۔

تحقیق کاروں کے مطابق یورپی ملک ڈینمارک، جرمنی اور جاپان میں بھی بہت بچے روتے ہیں، مگر وہ برطانیہ اور کینیڈا کے بچوں سے کم روتے ہیں۔

جن ممالک کے بچوں پر تحقیق کی گئی ان میں آسٹریلیا اور امریکا بھی شامل تھے، ان دونوں ممالک کے بچے دیگر ملکوں کے بچوں سے کم روتے ہیں۔

یہ تحقیق دنیا کے 8 ممالک کے 8 ہزار 700 بچوں پر کی گئی۔

تحقیق کاروں کے مطابق نومولود بچے ابتدائی 2 ہفتوں میں یومیہ کم سے کم 2 گھنٹے روتے ہیں، جب کہ 6 ہفتوں کی عمر کے بچے 2 گھنٹے 15 منٹ روتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ 12 ہفتوں کی عمر تک پہنچتے پہنچتے بچے کا رونا کم ہوکر ایک گھنٹہ 10 منٹ یومیہ رہ جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں