اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا احتساب کمیشن کو پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے تابع کرنے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس حوالے سے بل کا مسودہ منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجوزہ بل کے مطابق احتساب کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی تقرری چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کریں گے اور کمیشن براہ راست چیف جسٹس کو جوابدہ ہوگا، تاکہ احتساب کمیشن کو حکومتی اثر و رسوخ اور مداخلت سے مکمل آزاد کیا جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اسی قسم کا ایک بل قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے سے بھی پیش کرے گی کیونکہ نیب کے موجودہ چیئرمین ناکام ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کی سربراہی میں خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت تحریک انصاف نے صوبے سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، ان ہی میں سے ایک قدم احتساب ایکٹ 2015 میں ترمیم بھی تھا۔

گذشتہ برس فروری میں خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد حامد خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے احتساب ایکٹ 2015 میں ترمیم کے باعث احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے ڈی جی احتساب کمیشن مستعفی

حامد خان کی جانب سے اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی تھی کہ احتساب ایکٹ میں ترامیم نہ کی جائیں، کیونکہ اس سے آزادانہ اور شفاف احتساب کا عمل متاثر ہوگا۔

دوسری جانب صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ احتساب کے قانون میں ترامیم کے بعد احتساب کا عمل زیادہ بامعنی، مضبوط اور تیز ہوگا، جبکہ اس سے کمیشن بھی بطور ادارہ مضبوط ہوگا۔

پی ٹی آئی چیئرمین صوبے میں پولیس اصلاحات کے حوالے سے بھی اکثر بات کرتے نظر آتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں