کراچی کے علاقے کھارادر میں ڈاکٹر کا قتل
کراچی: شہر قائد کے علاقے کھارادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈاکٹر ذوالفقار علی جاں بحق ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ کھارادر کے علاقے میں بغدادی تھانے کی حدود میں واقع کھڈا مارکیٹ کے نزدیک رات 2 بجے کے قریب پیش آیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عدیل حسین چانڈیو نے ڈان کو بتایا کہ تاحال قتل کی وجوہات کا اندازہ نہیں ہوسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ علم نہیں ہوسکا کہ یہ ڈکیتی کی کوئی واردارت تھی یا ذاتی دشمنی کا نتیجہ تھا‘۔
اہل علاقہ کے مطابق مقتول اپنے گھر کے نزدیک واقع کلینک سے واپس گھر کو لوٹ رہے تھے کہ گلی کے کونے پر کھڑے 2 افراد نے ان پر حملہ کیا۔

عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ ایک حملہ آور کے ہاتھ میں چھری تھی جبکہ دوسرے کے پاس پستول موجود تھی، اچانک حملے کے بعد جب ڈاکٹر ذوالفقار نے وہاں سے اپنے گھر کی جانب بھاگنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی۔
مقتول کو ان کے گھر میں داخل ہونے سے قبل ہی سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔
اہل علاقہ کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار کو زخمی حالت میں فوری طور پر سول ہسپتال لے جایا گیا اور بعد ازاں انھیں بہادرآباد کے ایک نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ڈان نیوز سے گفتگو میں ڈاکٹر ذوالفقار کے رشتے داروں نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
بعد ازاں رینجرز اہلکاروں نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹا کرنے کے ساتھ ساتھ عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے۔










لائیو ٹی وی