ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب کے شہر فیصل آباد کے لیے بھی میٹرو بس منصوبے کے آغاز کا اعلان کردیا۔

منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس پر کام کا آغاز اسی سال کردیا جائے گا۔

پنجاب کے لوکل باڈیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ’ فیصل آباد کے شہریوں کو نواز شریف کا میٹروبس منصوبے کا تحفہ مبارک ہو‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پاکستان کا اہم ترین شہر ہے اور یہاں مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

خیال رہے فیصل آباد سے قبل اسلام آباد، لاہور اور ملتان میں بھی میٹرو بس منصوبے بنائے گئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے منصوبوں پر بھاری اخراجات کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت پر تنقید کی جاتی رہی ہے، تاہم پی ٹی آئی اب پشاور میں میٹرو بس بنانے کا اعلان کر چکی ہے، اسی طرح کراچی میں مختلف روٹس پر کام جاری ہے جس میں گرین لائن بس منصوبہ وفاقی حکومت کے تعاون سے بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی طرز پر فیصل آباد کو بھی سیف سٹی بنائیں گے۔

تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دھرنے والے بھی تھک ہار کر پشاور میں میٹرو منصوبے بنانے لگے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق احتجاجی سیاست نے معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر دیگر سیاسی جماعتوں کے دعوؤں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’سی پیک منصوبہ اگر آپ نے شروع کروایا تھا تو سنگ بنیاد رکھنا کیوں بھول گئے؟‘۔

سابق صدر آصف علی زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’آصف زرداری قوم کو دھوکا دینا چھوڑ دیں‘۔

سابقہ حکومتوں کے منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’نیلم جہلم منصوبہ 2002 میں شروع ہوا تھا لیکن اب تک مکمل نہ ہوسکا، اب نواز شریف منصوبے مکمل کررہے ہیں تو مخالفین کے پیٹ میں درد کیوں ہورہا ہے؟‘

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔

تقریب میں شریک کسانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارکسانوں کے لیے بہترین اور پرکشش پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں ایمرجنسی وارڈ کا افتتاح کیا اور 260 بستروں پر مشتمل گورنمنٹ حسیب شہید اسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

فیصل آباد کے شہریوں کو طبی سہولیات کی آسانی اور بہتر فراہمی کے لیے انہوں نے 1 ہزار بیڈز کے ہسپتال کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

ahmak adamı Apr 16, 2017 09:43am
There was a bus service called GTS/Omni bus services in 60's, 70's, 80's and early 90's. The departments running these buses even had double deckers. The department managed these very well. I remember, we preferred to use these compared to private bus services. The government closed it telling the public at large that it was not feasible. After about 25-30 years later, the government has started another service with another name. Was that or this decision wrong? Will we hear after passage of some time that metro buses are not feasible?