کراچی: نجی سیکیورٹی گارڈز 1 کروڑ 20 لاکھ لوٹ کر فرار

شائع April 21, 2017

کراچی میں گزشتہ چند سالوں کے دوران چوری کی بڑی واردتوں میں سے ایک میں دو نجی سیکیورٹی گارڈز ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

وی آئی پی سیکیورٹی کمپنی کے دونوں گارڈز کی ثنا اللہ اور سبز علی کی السہارا ایکسچینج کمپنی نے خدمات حاصل کی تھیں۔

سیکیورٹی گارڈز نے شہر کی مختلف شاخوں سے نقدی جمع کرنے والی کمپنی کی وین کو لوٹا۔

ایکسچینج کمپنی کے عہدیداروں نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ وہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپوں سے محروم ہوئے۔

ویڈیو دیکھیں: کراچی: ڈاکوؤں نے گوشت کی دکان لوٹ لی

ایس پی کلفٹن ڈاکٹر اسد مَلہی کا کہنا تھا کہ ’کمپنی کی وین کلفٹن برانچ کی طرف جارہی تھی جہاں راستے میں گارڈز وین عملے پر قابو پانے کے بعد رقم لوٹ کر مختلف گاڑیوں میں فرار ہوگئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وین لوٹنے والے گارڈز میں سے ایک کو سیکیورٹی کمپنی نے تقریباً ایک ہفتہ قبل ہی نوکری پر رکھا تھا، جبکہ مشتبہ گارڈ کی مکمل جانچ پڑتال نہیں کی گئی تھی۔

اسد مَلہی نے کہا کہ ’ابتدائی تحقیقات کے مطابق گارڈز کے کسی دہشت گرد گروپ سے تعلق کے کوئی شواہد نہیں ملے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایک اور پولیس افسر کا کہنا تھا کہ کیش وین کے منی چینجر اور ڈرائیور کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مشتبہ گارڈز کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم بھی قائم کردی گئی ہے۔

انسپیکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اے ڈی خواجہ نے چوری کے ڈکیتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان کو ہنگامی بنیادوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ ملک کی سب سے بڑا ڈکیتی کا واقعہ دسمبر 2009 میں کراچی میں پیش آیا تھا جب ملزمان آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ایک بینک سے 31 کروڑ 10 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025